عمران خان کو دوتہائی اکثریت دلانے کیلئے سہولتکاروں نے ای وی ایم کا ڈرامہ کیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کو دوتہائی اکثریت دلانے کیلئے سہولتکاروں نے ای وی ایم کا ڈرامہ کیا، ای وی ایم کا تماشا کامیاب ہوجاتا تو ملک کا حلیہ بگڑ جاتا، اداروں میں کچھ حاضر اور کچھ ریٹائرڈ سہولتکاروں کا مقصد چربہ حکومت بناکر 73ء کے آئین کو ختم کرکےملک کے آزاد اداروں پر قابض ہونا تھا .
انہوں نے وفاقی مشیر قمر الزمان کائرہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب کھڑا تھا جب ہماری قیادتوں نے تحریک عدم اعتماد پیش کی اور وہ کامیاب ہوئی، اور پاکستان دورنحوست سے جان چھوٹی، ایک سوال کیا جاتا ہے کہ آخر کیا ضرورت تھی کہ جب عمران خان اور اس کے ساتھی اپنے ہی کھودے ہوئے گڑھے میں گرنے کے قریب تھے، میں اس پر کہنا چاہتا ہوں کہ ہمارے لیے بھاگنے کا آپشن بڑا آسان تھا، لیکن ہم نے حکومت چھوڑنے کی بجائے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا، مسلم لیگ ن کا ذہن بن گیا تھا کہ ہم الیکشن میں چلے جائیں گے، لیکن پھر کچھ چیزیں سامنے آئیں کہ نگران حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کیسے کرے گی؟ لیکن ہم سب سیاسی جماعتوں نے ریاست سے وفاداری کی خاطر سیاست کا بوجھ اٹھایا، بلکہ عمران خان کے گناہوں کا بوجھ بھی اٹھایا ، لیکن جب ملک کی بقاء کی بات آجاتی ہے تو پھر سیاست بعد کی بات ہے .

ابھی ہمارے پاس 13مہینے ہیں جس میں تمام چیلنجز کو حل کرنا ہے . انہوں نے کہا کہ عمران خان کا منصوبہ بڑا واضح تھا، صرف کڑیاں جوڑنے کی ضرورت تھی، عمران خان اور حکومتی اداروں میں موجود کچھ ریٹائرڈ اور کچھ حاضر سروس پاکستان میں کچھ اور طرح کی طرز حکومت چاہتے تھے، جس کا مقصدچربہ حکومت کیلئے عمران خان کو جتاؤ اور 73کے آئین کو پھاڑ پھینک دو، اس کیلئے ای وی ایم کا ڈرامہ رچایا گیا، تاکہ عمران خان کو دو تہائی اکثریت دلائی جائے پھر سہولتکاروں کے ذریعے ملک کے آزاد اداروں پر قبضہ کریں، ہمیں پتا تھا اور نظر آرہا تھا کہ اپوزیشن لیڈرز کو تیسری تیسری بار جیلوں میں ڈالو، جمہوریت کے حق میں اٹھنے والی تمام آوازوں کو بھی بند کرو، پھر وفاقی پارلیمانی نظام کو ختم کردیا جائے .
انہوں نے کہا کہ اس شخص نے نیب کے ڈریکولین لاء کا سہارا لیا اور مخالفین کو جیلوں میں ڈالا . انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پنجاب کے باشعور عوام ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کو ووٹ دیں گے . پاکستان میں پہلی بار بہترین حکومت بنی ہے جس میں ہر طرح کے لوگ موجود ہیں .

. .

متعلقہ خبریں