صدرمملکت عارف علوی نے صحافیوں پر تشدد اور ہراساں کرنے کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) صدر مملکت عارف علوی نے صحافیوں کو خلاف ہراساں کرنے اور تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے،صدر مملکت نے صحافیوں کے خلاف تشدد کے واقعات کا نوٹس لے لیا . تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے صحافیوں کے خلاف تشدد کے واقعات پر وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا،عارف علوی نے خط میں لکھا کہ اس طرح کے واقعات عدم برداشت کی ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں .


ایسا لگتا ہے کہ آزاد رائے رکھنے والے میڈیا پرسنز کو دہشت کا نشانہ بنایا جارہا ہے،ایسے واقعات سے جمہوریت کے مستقبل کے ساتھ ساتھ اظہار رائے کی آزادی دونوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں . صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں خوف پیدا کرنے کے علاوہ ایسے واقعات بین الاقوامی توجہ میں آتے ہیں اور ملک کا تاثر داغدار کرتے ہیں .

انہوں نے فریڈم آف پریس انڈیکس 2022 میں پاکستان کی 157 ویں پوزیشن پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ مختلف بین الاقوامی تنظیموں نے اپنی رپورٹوں میں صحافیوں کو ہراساں کرنے،دھمکیاں دینے اور جسمانی تشدد کو پاکستان کی مایوس کن پوزیشن کی بنیادی وجوہات قرار دیا ہے .

صدر مملکت نے خط میں صحافیوں کے تحفظ کی کمیٹی اور ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹوں کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 1992 سے 2022 تک 96 صحافیوں کو قتل کیا گیا،الزام لگایا گیا کہ ریاست کے طاقتور عناصر کے خلاف اختلاف رائے اور تنقید دبانے کیلئے صحافیوں کو بغاوت اور دہشت گردی کے الزامات کا نشانہ بنایا گیا . معروف صحافیوں کے خلاف کیے جانے والے حالیہ اقدامات نے عدلیہ کی کوششوں کو نقصان پہنچایا . خط میں لکھا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 46 کے تحت وزیر اعظم اس سلسلے میں کیے گئے اقدامات سے صدر کو آگاہ رکھیں . یاد رہے کہ گزشتہ دنوں صحافی عمران ریاض خان کو گرفتار کیا گیا تھا

. .

متعلقہ خبریں