عمرانی دور کے باعث پاکستان اس وقت بدترین معاشی مشکلات سے گزر رہا ہے، امید ہے ملکی معیشت آئندہ 6 سے 8 ماہ کے دوران سنبھل جائے گی۔ احسن اقبال

جہلم(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے ملک کی معیشت کا شیرازہ بکھیر کر رکھ دیا، عمرانی دور کے باعث پاکستان اس وقت بدترین معاشی مشکلات سے گزر رہا ہے، عمران نیازی کی ساری سیاست جھوٹ، منافقت اور بہتان پر مبنی ہے امید ہے کہ ملکی معیشت آئندہ 6 سے 8 ماہ کے دوران سنبھل جائے گی، سابقہ حکومت نے ملک کے ترقیاتی بجٹ کو نصف کیا، ہم عوامی مفاد سے متعلق منصوبوں کی فنڈنگ کو دوبارہ جاری کریں گے اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کریں گے کہ ان منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے .
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا .

للہہ . جہلم روڈ کا جائزہ لینے کے موقع پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت وتوانائی بلال اظہر کیانی بھی موجودتھے .

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ ہونا چاہیے تھا، سابقہ حکومت نے ملک کے ترقیاتی بجٹ کو نصف کیا، سابقہ دور حکومت میں ذاتی ہائوسنگ سوسائٹیوں پر اربوں روپے لگائے گئے، للہہ اور جہلم جیسے علاقوں پر ترقیاتی بجٹ خرچ نہیں کیا گیا، للہہ کے عوام کی سہولت کے لئے نئی سڑک کی تعمیر رواں سال مکمل کی جائے گی،عوامی مفاد کے منصوبوں کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈنگ مختص کریں گے .

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں اس قدر معاشی زبوں حالی نہیں دیکھی، یونین کونسل تک چلانے کا تجربہ نہ رکھنے والے عمران نیازی کو وزارت عظمیٰ دیدی گئی، عمران نیازی نے سیاسی مفادات کے لئے مذہب کو استعمال کیا، پی ٹی آئی کے دور حکومت میں کرپشن عروج پر تھی . انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اپنی تاریخ کے بدترین معاشی حالات سے گزر رہا ہے، جو معاشی چیلنجز پی ٹی آئی اور عمران خان ورثے میں چھوڑ کر گئے ایسے سنگین معاشی خطرات ہمیں سقوط مشرقی پاکستان اور پاکستان پر ایٹمی دھماکوں کی پابندیاں لگنے کے بعد بھی درپیش نہیں تھے .
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ آج یہ بات ریکارڈ پر آ گئی ہے کہ ایک خاتون کو بلیک میل کر کے نیب کے چیئرمین کو بلیک میل کیا گیا اور اس کے ذریعے اپنی کابینہ کے نیب کے کیس بند کروائے، اگر یہ بلیک میلنگ نہ ہوتی تو عمران خان کی آدھی کابینہ جیل کے اندر ہوتی، نیب کے چیئرمین کو بلیک میل کر کے مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کے خلاف جھوٹے مقدمے بنائے گئے اور ایک ایک کر کے ہم سب عدالتوں سے سرخرو ہو کر نکلے، مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کو جیلوں میں بند کیا گیا لیکن کسی پر ایک پیسے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی .
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی ساری سیاست جھوٹ، منافقت اور بہتان پر مبنی ہے لہذا یہ کبھی خیر نہیں پا سکے گا، دوسروں کی کردار کشی کرنے والا عمران نیازی آج اپنے کرتوتوں کا خمیازہ بھگت رہا ہے . انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی ماں ہے اور ماں کبھی بھی اپنے بچے کو قتل ہوتا ہوا نہیں دیکھ سکتی، مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاسی ساکھ کو دائو پر لگا کر پاکستان کو بچانے کی سیاست کی ہے،2018ء میں عمران نیازی نے سازش کے ذریعے پنجاب کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا تھا اور ایک نالائق وزیراعلی پنجاب پر مسلط کر دیا، اب پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت واپس آئی ہے اور آتے ہی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام شروع کر دیئے ہیں .
انہوں نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں پنجاب میں تعلیم کو تباہ کر دیا گیا، صحت کے نظام کو تباہ کر دیا گیا، سرکاری ہسپتالوں میں غریب کا مفت علاج اور مفت ادویات ملتی تھیں لیکن سابقہ دور حکومت میں ان سرکاری ہسپتالوں کو بھی پرائیویٹ ہسپتالوں کی طرح بنا دیا گیا . انہوں نے کہا کہ ہم تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر کو ٹھیک کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سطح پر معیشت کو درست کرنے کے لئے بھی اقدامات اٹھا رہے ہیں .
انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی بقاء کا منصوبہ تھا، اس منصوبے کا بھی عمران نیازی نے اپنے چار سالہ دور حکومت میں گلہ گھونٹ دیا، گوادر بندرگاہ کو بند کر کے سی پیک کے خلاف سب سے بڑی سازش کی گئی، گوادر بندرگاہ کی صفائی کے لئے سابقہ حکومت کے چار سال کوئی پیسے جاری نہیں کئے گئے تاکہ وہاں پر ریت جمتی رہے اور اس کی گہرائی کم ہو جائے، آج گوادر بندرگاہ کی گہرائی اتنی کم ہو گئی ہے کہ اس میں کوئی بڑا جہاز لنگر انداز نہیں ہو سکتا .
انہوں نے کہا کہ اب ہم گوادر بندرگاہ کی صفائی کروا رہے ہیں تاکہ اس بندرگاہ پر دوبارہ بڑے جہاز آ سکیں، اسی طرح ہر شعبے میں عمران نیازی جو کانٹے بچھا کر گئے ہیں، ہم ان کانٹوں کو صاف کر رہے ہیں . وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ملکی معیشت کی بہتری کے لئے مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں، ہمارے حکومت میں آنے سے قبل ہی ملک کا خزانہ خالی ہو چکا تھا، ان تمام مسائل کے باوجود ہم ملک قوم کی فلاح و بہبود کے لئے تمام تر اقدامات اٹھا رہے ہیں، ہم آئندہ عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان کے عوام سے ووٹ لیں گے .

. .

متعلقہ خبریں