پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کا وعدہ پورا کرے گی

ملتان(قدرت روزنامہ) وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کا وعدہ پورا کرے گی، عوام دو پارٹی نظام کو ختم کرکے عمران خان کا ساتھ دیں، ضمنی الیکشن میں خواتین کا اہم کردار ہوگا . انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا ملتان میں تاریخی جلسہ ہوگا، یوتھ اور خواتین نے اپنے گھروں میں انقلاب لایا ہے،خواتین کا الیکشن میں اہم کردار ہوگا .


انہوں نے کہا کہ آپ نے دو پارٹی نظام کو ختم کرکے عمران خان کا ساتھ دینا ہے، پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کا وعدہ جلد پورا کرے گی . دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنماعابد شیرعلی نے کہا کہ عمران خان کو لیہ میں شکست نظرآرہی ہے ،مقامی لوگوں نے شاہ محمود قریشی کو خدا حافظ کہہ دیا ہے ، ملتان میں مریم نواز شریف کی آمدکے موقع پر جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پرعملدرآمد ہونا چاہیے .
الیکشن کمیشن آنکھیں بند کرکے نہ بیٹھے ، ہم پرامن طریقے سے الیکشن چاہتے ہیں ،الیکشن میں کوئی بدنظمی ہوئی تو الیکشن کمیشن اورمقامی انتظامیہ ذمہ دار ہوگی . انہوں نے کہا کہ ہم 17جولائی کو عمران خان کی سیاست دفن کردیں گے . ہارے ہوئے لوگ سلمان نعیم پرالزام لگاتے ہیں کہ وہ ووٹوں کے لئے موٹرسائیکلیں دے رہے ہیں پھرہمیں نوٹس آجاتے ہیں . انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ 17جولائی کو جیت مسلم لیگ ن کی ہوگی .
مزید برآں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی جانب سے ووٹ خریدنے کی کوششوں اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 217 ملتان میں ضمنی انتخاب کیلئے متعلقہ اتھارٹی کی اجازت کے بغیر تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے نکالی گئی کار ریلی کی سوشل میڈیا رپورٹس کا نوٹس لے لیا . ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر حیدر ریاض نے اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر مانیٹرنگ ٹیم کے ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان رپورٹس کی فوری تحقیقات کریں جن میں کہا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار سلمان نعیم ہر 20 ووٹوں کے بدلے ایک موٹر سائیکل کی پیشکش کر کے ووٹ خریدنے کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں .
ڈی ایم او حیدر ریاض نے اسسٹنٹ کمشنر اور مانیٹرنگ آفیسر کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا ہے امیدوار سلمان نعیم حلقہ پی پی 217 ملتان میں انتخابی مہم کے دوران بدعنوانی میں ملوث ہیں . انہوں نے سوشل میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سلمان نعیم 20 ووٹوں کے وعدے پر ایک موٹر سائیکل کی پیشکش کر کے ووٹ مانگنے کی کوشش کر رہے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں