خیبر پختونخوا حکومت کا صوابی کے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کا فیصلہ

صوابی (قدرت روزنامہ) خیبرپختونخوا حکومت نے صوابی کے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کا فیصلہ کرلیا،تفصیلات کے مطابق سابق سپیکر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے متاثرہ علاقوں کے بارے میں رابطہ کیا . متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قراردے کر ٹیکس چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا،صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دے گی .


جبکہ مستقبل میں سیلاب کو روکنے کیلئے جامع پلان بنا رہے ہیں . واضح رہے کہ کچھ روز قبل بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث کوئٹہ کو آفت زدہ قرار دیاگیا،بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے بعد بلوچستان حکومت نے کوئٹہ کو آفت زدہ قرار دیکر ایمرجنسی نافذ کر دی .

بلوچستان کے متعدد اضلاع میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہا،موسلا دھار بارشوں کے باعث صوبے کے ندی نالے بپھر گئے ہیں اور 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلوں کے باعث درجنوں مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے، پانی میں بہنے اور ڈوب جانے کے واقعات میں 13 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے .

بلوچستان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بارشوں کے باعث قلعہ سیف اللہ، ژوب، پشین، ہرنائی اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جبکہ مسلم باغ، قمرالدین اور خشنوب میں سیلابی صورتحال ہے، خشنوب میں متعدد دیہات میں رات کو سیلابی ریلے داخل ہوئے جبکہ خشنوب میں رابطہ پل سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے ریسکیو اہلکاروں کو متاثرین تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے . اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق مسلم باغ سول اسپتال کے وارڈز اور ایمرجنسی میں پانی بھر گیا جبکہ مسلم باغ کے پہاڑی علاقوں میں بارشوں سے 100سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا .

. .

متعلقہ خبریں