سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد صدر مملکت فوری مستعفی ہوجائیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد صدرمملکت فوری مستعفی ہوجائیں، ایوان صدر میں بیٹھے شخص کو آئین وقانون کی پاسداری کرنی چاہیے، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو ڈی سیٹ کرے اور نااہلیت کی کاروائی کرے . انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کاڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے خلاف فیصلہ تاریخ ساز ہے، سپریم کورٹ نے فیصلے میں واضح کیا ہے کہ آئین و قانون کی خلاف ہوئی ہے، صدرمملکت، وزیراعظم ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سپریم کورٹ کے اس لارجر بنچ کے تفصیلی فیصلے کی روح سے انہوں نے آئینی فریضے میں خیانت کی بلکہ آئین کے ساتھ فراڈ کیا ہے، اس کی سزا آرٹیکل 5 اور آرٹیکل 6میں درج ہے، اس کا اس فیصلے میں ذکر کیا گیا ہے، ایوان صدر میں بیٹھے شخص کو اخلاقیات کی پاسداری کرنی چاہیے اور فیصلے کے بعد فوری مستعفی ہوجانا چاہیے .

انہوں نے کہا کہ فیصلے کے بعد عمران خان نیازی کی سیاست کا جنازہ نکل گیا ہے، فیصلے کی روح سے بات ثابت ہوگئی ہے کہ عمران نیازی اپنے ذاتی مفاد کیلئے گھٹیا سے گھٹیا لیول پر جاکر قومی مفاد کو نقصان پہنچا سکتا ہے، اس نے آئین قانون کی خلاف ورزی کی، اس کے بعد پاکستان میں آئین کی عملداری کیلئے اس ٹولے کے سیاست میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے، وفاقی حکومت نے ان کے خلاف غداری کی کاروائی کا آغاز ہوگیا ہے، غداری کی کاروائی سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کی جائے گی، عدالت کے حکم کو بجا لایا جائے گا .
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی ابھی تک تنخواہیں بھی وصول کررہے ہیں، پارلیمنٹ لاجز میں گھر بھی ان کے پاس ہیں، اسپیکرقومی اسمبلی کو چاہیے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن کونااہلی کا ریفرنس بھیجے جس کے بعد الیکشن کمیشن ان کو ڈی سیٹ کرے اور نااہل کرنے کی کاروائی کرے . اس نااہلی کے دوران آئین سے کھلواڑ کا بھی فیصلہ ہونا چاہیے .
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئین وقانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کرنے والوں کیلئے فیصلہ بڑا اچھا ہے . کابینہ نے اجازت دی تو عمران خان کو گرفتار کرلیں گے، شیخ رشید کو لانگ مارچ کے دوران گرفتار کرنا تھا . فواد چودھری جو کہہ رہے ہیں نہ وہ سچ ہے اور نہ ہی میری بات حتمی ہوسکتی ہے ، فیصلہ وہی ہے جو سپریم کورٹ نے دیا ہے .

. .

متعلقہ خبریں