انتخابات میں دھاندلی کیلئے سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال کیا گیا ، عمران خان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کیلئے سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال کیا گیا . تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات اور انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کی اور انتخابات میں دھاندلی کیلئے سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال کیا گیا، پی ٹی آئی رہنماوں کی گرفتاری اور ووٹرز کو ہراساں کرنے سمیت بیلٹ پیپزز پر ٹھپے لگائے گئے، الیکشن کمیشن نے تو اپنی آنکھیں بند رکھیں لیکن اب عدالتوں کو نوٹس لینا چاہیئے .

علاوہ ازیں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے شہباز گل کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ محض عوام کو خوفزدہ کرنے اور انتخاب میں دھاندلی کے پیشِ نظر شہباز گل کی غیرقانونی گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں ، یہ فسطائی حربے مؤثر ثابت ہوں گے نہ ہی ہمارے لوگ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے سے باز آئیں گے ، امپورٹڈ حکومت کے سرپرستوں کو اس نقصان کا احساس ہونا چاہئیے جو وہ ہماری قوم کو پہنچا رہے ہیں .

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شہباز گل کو مظفر گڑھ سے گرفتار کر لیا گیا ‘ وزیر داخلہ پنجاب عطاء تارڑ نے تصدیق کردی ، وزیر داخلہ پنجاب عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ شہباز گل کو مظفر گڑھ سے ایف سی کے بیج لگے مسلحہ افراد ساتھ رکھنے پر پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ، شہباز گل کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا .
بتایا گیا ہے کہ قبل ازیں‌ پولیس اہلکاروں نے ان سے مذاکرات بھی کیے تھے لیکن شہباز گل کا کہنا تھا کہ وہ گارڈز کے ہمراہ واپس جائیں گے جب کہ گرفتاری پر شہباز گل کا موقف سامنے آیا ہے کہ انہیں بغیر ورانٹ کے گرفتار کیا گیا . علاوہ ازیں لاہور سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 158 مین ہونے والے ضمنی الیکشن کے دسوران ہوئے لڑائی جھگڑے کے باعث تحریک انصاف کے رہنما جمشید اقبال چیمہ کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، وزیرداخلہ پنجاب عطا اللہ تارڑ نے جمشید اقبال چیمہ اور سعید مہیس کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے ، اس حوالے سے عطا تارڑ نے الزام عائد کیا ہے کہ جمشید چیمہ اور سعید مہیس نے تشدد کر کے لیگی کارکن کاسر پھاڑا ، پی پی 158 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار احسن شرافت پر امن رہے، کسی کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ، اسی لیے جمشید اقبال چیمہ اور سعید مہیس کی گرفتاری کا حکم دیا ہے .
اسی حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما جمشید اقبال چیمہ کی اہلیہ مسرت جمشید اقبال نے کہا ہے کہ جمشید اقبال چیمہ ایک پر امن شہری ہیں ، جمشید چیمہ پر پہلے بھی مقدمے بنائے ہیں ، آج مسلم لیگ ن کی سیاست ختم ہونے کا دن ہے ، اس وجہ سے یہ لوگ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ، میری گاڑی پرگلوں بٹوں نے حملہ کیا ، اپنے کارکن کو خود ہی زخمی کرکے ہم پر الزام دے رہے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں