اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستانی روپیہ کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی شرح تبادلہ میں اضافہ جاری ،میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 4 روپے 05 پیسے مہنگا ہو کر 215 روپے کی بلند ترین سطح پر آگیا . دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5 روپے مہنگا
ہو کر 216 روپے کی سطح پر آگیا .
دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مالی سال 22 میں بیرون ملک پاکستانیوں نے 31 ارب ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجیں . پاکستان کے مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جون 2022 میں بیرون ممالک سے 2.76 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجی گئیں، دو ارب ماہانہ ترسیلات کی لہر کا یہ 25 واں مہینہ ہے . اعلامیے کے مطابق سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے جون 2022 میں 66 کروڑ 64 لاکھ ڈالر بھیجے، متحدہ عرب امارات سے 49 کروڑ ڈالر، برطانیہ سے 45 کروڑ اور امریکا سے 28 کروڑ ڈالر بھیجے گئے . اسٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق بیرون ملک مقیم ہم وطنوں نے مالی سال 22 میں 31 ارب ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجیں، مالی سال 2022 میں ورکرز کا مجموعی حجم 31 ارب 23 کروڑ ڈالر رہا . اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ جولائی 21 سے جون 22 تک سعودی عرب سے پاکستانیوں نے 7.74 ارب ڈالر بھیجے، عرب امارات سے پاکستانیوں کی ترسیلات زر 5.84 ارب ڈالر رہیں جبکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے گزرے مالی سال 4.48 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجیں . اسٹیٹ بینک کے مطابق دیگر گلف ممالک سے 3.62 ارب کی ترسیلات زر پاکستان بھیجی گئیں، یورپ سے 3.36 ارب اور امریکا سے 3.08 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجی گئیں . مرکزی بینک کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 22 کی اوسط ماہانہ ترسیلات 2.60 کروڑ ڈالر رہیں، مالی سال 21 کے مقابلے میں مالی سال 22 کی ترسیلات 6 فیصد زائد رہیں .
. .