اسلام آباد (قدرت روزنامہ) تحریک انصاف کو اداروں کیخلاف نفرت انگیز بیانات دینے سے روکنے کی اپیل پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دئیے گئے . تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کو اداروں کیخلاف نفرت انگیز بیانات دینے سے روکنے کی اپیل پر سماعت ہوئی .
جسٹس منصور علی شاہ نے ان چیمبر سماعت میں رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دیئے .
عدالت نے تحریک انصاف کے خلاف درخواست کھلی عدالت میں مقرر کرنے کا حکم دے دیا . جبکہ رجسٹرار آفس کے تکنیکی اعتراضات درخواست گزار کو ایک ہفتے میں دور کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے . واضح رہے کہ اس سے پہلے سپریم کورٹ آف پاکستان میں پی ٹی آئی کو قومی اداروں کیخلاف نفرت انگیز بیانات دینے سے روکنے کی اپیل سماعت کیلئے مقررکی تھی .
جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے آج ان چیمبر اپیل پر سماعت کی .
قوسین فیصل ایڈووکیٹ نے تحریک انصاف کیخلاف درخواست دائر کی . درخواست گزار نے مرکزی درخواست پر اعتراضات عائد ہونے کے بعد چیمبر اپیل دائر کی . اور آج پی ٹی آئی کو اداروں کیخلاف نفرت انگیز بیانات دینے سے روکنے کی اپیل پررجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دئیے گئے . ادھر گزشتہ دنوں حکومت نے طیبہ گل اسکینڈل پر انکوائری کمشین بنانے کا فیصلہ کیا .
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ طیبہ گل کا معاملہ بھی کابینہ اجلاس میں زیربحث آیا . کل وزیراعظم ہاؤس سے طبیہ گل کے ساتھ رابطہ کیا گیا . طیبہ گل کے مطابق انہیں اغوا کر کے 18 روز تک وزیراعظم ہاؤس میں رکھا گیا . طیبہ گل سے تمام ثبوت لے لیے گئے . وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس سے چیئرمین نیب کو بلیک میل کر کے انہیں سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا . طیبہ گل کے معاملے پر انکوائری کمیشن آزاد اور شفاف ہو گا . مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ذمہ داران کے خلاف انکوائری کمیشن کی رائے کے مطابق کارروائی کی جائے گی .