سردار دوست محمد مزاری کا سیکیورٹی خدشات کا اظہار، پی ٹی آئی کا ردِعمل آ گیا

لاہور (قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کا سیکیورٹی خدشات کا عندیہ پری پلان سازش ہے . پنجاب اسمبلی کا آج کا اجلاس سپریم کورٹ کے حکم پر ہو رہا ہے .

پنجاب اسمبلی کے آج کے اجلاس میں رکاوٹ ڈالنے پر توہین عدالت کا اطلاق ہو گا . ڈپٹی اسپیکر کا سیکیورٹی کے لیے خط چور کی داڑھی میں تنکا کے مترادف ہے .
ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق پرامن الیکشن کروانے کے پابند ہیں . انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ واضح شکست کے بعد ڈپٹی اسپیکر کو استعمال کرنے کا سوچ رہی ہے . ہماری ساری صورت حال پر گہری نظر ہے . فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پرویز الہٰی بھاری اکثریت سے وزیراعلی ٰمنتخب ہوں گے . خیال رہے کہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے پنجاب کی وزارت اعلٰیٰ کے الیکشن سے چند گھنٹے قبل اہم اقدام اٹھایا ، سردار دوست محمد مزاری نے پنجاب اسمبلی کی سکیورٹی پولیس کے حوالے کرنے کا حکم جاری کردیا، ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو لکھے گئے مراسلے میں 22 جولائی کی تاریخ لکھ کر الیکشن میں ایک لڑائی جھگڑے کی منظر کشی کرتے ہوئے ایک دن قبل ہی بھاری سکیورٹی مانگ لی گئی ، دوست مزاری نے موقف اختیار کیا کہ شرپسند عناصر اجلاس کی کارروائی روک رہے ہیں، ارکان اسمبلی اور سٹاف کی زندگی بھی خطرے میں ہے، لہذا وزیراعلیٰ کا انتخاب عدالتی حکم کے مطابق پرامن بنانے کیلئے پنجاب اسمبلی میں اسمبلی سکیورٹی کے بجائے پولیس تعینات کی جائے .
بتایا گیا کہ ڈپٹی اسپیکر نے یہ مراسلہ اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھی بھیجا جب کہ مراسلے کے بعد لاہور پولیس نے فوری سکیورٹی پلان مرتب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اسمبلی کی سکیورٹی کے لئے پنجاب اسمبلی کے اندر اور باہر 1400 سے زائد اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا ، اسمبلی سیشن کو پر امن بنانے کے لیے پولیس اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا .

. .

متعلقہ خبریں