کراچی میں 200 ملی میٹر تک بارش کی پیش گوئی

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، شیرشاہ نالے سے پانی اوور فلو ہونے سے پراچہ چوک کا راستہ بند ہوگیا .
ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ بھر سمیت کراچی میں بارشوں کا نیا سسٹم پہنچ چکا ہے جو کہ شہر کے اوپر ہی براجمان ہے، کراچی میں رات گئے سے ہلکی اور تیز بارش کے سبب سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہری گھروں میں محصور ہوگئے جب کہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی .


اطلاعات ہیں کہ اسکیم 33، ایف بی ایریا، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناظم آباد، محمد علی سوسائٹی، بہادرآباد، پی آئی بی کالونی، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، پی ای سی ایچ ایس اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے .
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ 200 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے جبکہ شہریوں کو بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے . حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں کا موجودہ سسٹم منگل کے روز تک کراچی سمیت سندھ بھر میں موجود رہ سکتا ہے .
دوسری جانب حیدرآباد، سانگھڑ، تھرپارکر، میرپورخاص، ہالہ، نیو سعید آباد ، ٹنڈو آدم، شہدادپور سمیت سندھ کے متعدد علاقوں میں بھی موسلادھار بارشوں سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے .

. .

متعلقہ خبریں