عوامی مداخلت پر رجیم چینج آپریشن ناکام‘ باپ بیٹا فوری مستعفی ہوں؛ حماد اظہر

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ باپ اور بیٹے کے پاس نہ مرکز میں اکثریت ہے اور نہ ہی صوبے میں اکثریت ہے ، 3 ماہ پہلے کہا تھا کہ معاملات آپ سے نہیں سنبھلیں گے، باپ بیٹا فوری طور پر استعفیٰ دے دیں . تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام نے حکومت بنانے کا مینڈیٹ دیا لیکن 85 سیٹوں والے کو سازش کے ذریعے وزیرِ اعظم بنایا گیا ، ملک میں نافذ کیا گیا بیرونی رجیم چینج آپریشن اپنی موت مرتا نظر آئے گا ، پنجاب میں جسے 3 ماہ سے وزیرِ اعلیٰ بنایا ہوا ہے اس کے پاس اکثریت نہیں، الیکشن کمیشن خاموش رہا اور ہم نے ظلم برداشت کیے، عوامی مداخلت پر یہ رجیم چینج آپریشن ناکام ہوا، جن لوگوں نے شب خون مارنا تھا، چور دروازے سے مسلط ہونا تھا وہ مایوس ہیں .


حماد اظہر نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں جو ہوا سب عوام نے دیکھا، اس کے بعد ضمیر کے سوداگر ووٹ خریدنے کئی روز پنجاب میں قیام پذیر رہے، آپ کا خیال ہے کہ زرداری کا پیسہ لوگوں کو خرید لے گا؟ یہ سمجھتے ہیں رانا ثناء اللّٰہ کو دکھا کر لوگوں کو ڈرا لیں گے، سنا ہے ڈپٹی اسپیکر ملک سے فرار ہونے کا سوچ رہے ہیں، جب نظام تبدیل ہو گا تو ظلم و زیادتی کرنے والے فرار ہونے کی کوشش کریں گے .
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام وکلاء متفق ہیں کہ پارلیمانی پارٹی ہی فیصلہ کرتی ہے لیکن ان کی طرف سے سپریم کورٹ کے ججوں کے خلاف ایسا ٹرینڈ چلایا گیا جس کی مثال نہیں ملتی، یہ لوگ پہلے اداروں پر حملہ کرتے ہیں پھر مراعات حاصل کرتے ہیں، موجودہ حکومت پر مقامی اور عالمی منڈیوں کو بھی اعتماد نہیں، 3 ماہ پہلے بھی عمران خان اور پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ اقتدار سے الگ ہو جائیں، آج بھی الگ ہوجائیں تو حالات میں بہتری آ سکتی ہے، لیکن ان کا اقتدار میں رہنا پاکستان اور جمہوریت کے لیے خطرہ ہے .

. .

متعلقہ خبریں