کراچی (قدرت روزنامہ) پاکستان روپے کے مقابلے میں ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری ہے . آج ڈالر کی قیمت میں 4 روپے 7 پیسے کا اضافہ ہوا ہے .
انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالرملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا . سیاسی عدم استحکام کے باعث ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے . آج انٹربینک میں ڈالر 4 روپے 7 پیسے مہنگا ہو کر 237 روپے کا ہو گیا جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 239 روپے کا ہے .
ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ ملک میں جاری سیاسی بحران کا نتیجہ ہے . وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ ذخائر بڑھانے کیلئے دوست ممالک سے ڈالر ذخائر کی درخواست کی تھی،روپے پر دباو ایک دو ہفتوں میں ختم ہو جائے گا .
گذشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر234روپے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر236روپے کا ہو گیا تھا . فاریکس ڈیلرز کے مطابق برآمد کنندگان بینکوں کی جانب سے زیادہ سے زیادہ ایل سی کی حد استعمال کر رہے ہیں اورتیل کے لیے لیٹر آف کریڈٹ ادائیگیوں کی وجہ سے روپیہ انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران روپیہ کم ترین سطح پر آیا .
فاریکس رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں 1.20روپے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 231.80روپے سے بڑھ کر233 روپے اور قیمت فروخت232.80روپے سے بڑھ کر 234روپے ہو گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں 3.50روپے کے ریکارڈ اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 230.50روپے سے بڑھ کر233.50روپے اور قیمت فروخت233.50روپے سے بڑھ کر236روپے ہو گئی . فاریکس رپورٹ کے مطابق یوروکی قیمت خرید 234روپے اور قیمت فروخت237روپے پر برقرار رہی جبکہ3روپے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 274روپے سے بڑھ کر277روپے اور2روپے کے اضافے سے قیمت فروخت 278روپے سے بڑھ کر280روپے ہو گئی تھی .
. .