عمران خان آج رات 10 بجے قوم سے خطاب کریں گے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ سے متعلق سپریم کورٹ کی جانب سے دئیے گئے فیصلے کے بعد ملک میں سیاسی گہما گہمی بڑھ گئی ہے . چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آئین اور قانون کو برقرار رکھنے پرسپریم کورٹ کے فیصلے کی حمایت میں کل شام گھروں سے باہر آنے والے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں .


آج رات 10:00 بجے عوام سے خطاب کروں گا . عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ قوم سے خطاب میں انہیں ایک خود مختار پاکستان کیلئے آگے بڑھنے کا راستہ بتاؤں گا .
ادھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب میں حکومت سازی کیلئے لاہور کے دورے کا فیصلہ کرلیا . سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد پرویز الٰہی کے وزیراعلیٰ بننے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کل لاہور کا دورہ کریں گے .
عمران خان سے وزیراعلیٰ پرویزالہٰی اور پارٹی رہنماؤں کی ملاقات شیڈول ہے، اس دوران عمران خان پنجاب میں حکومت سازی کے حوالے سے اہم فیصلے کریں گے . خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق ڈپٹی اسپیکر اسمبلی کی رولنگ کو کا لعدم قراردیا،سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈپٹی اسپیکر اسمبلی کی رولنگ کیس کا فیصلہ سنایا .
سپریم کورٹ کا فیصلہ 11 صفحات پر مشتمل ہے، جس میں سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق ڈپٹی اسپیکر پنجاب کی رولنگ کو کا لعدم قراردیا اور قرار دیا کہ اس رولنگ کی کوئی حیثیت نہیں ہے، حمزہ شہباز کی بطور وزیراعلیٰ تمام تقرریاں کالعدم قرار دے دی گئیں، سپریم کورٹ نے پرویزالٰہی کی درخواست منظور کرلی ہے، سپریم کورٹ نے گورنر پنجاب کو بطور وزیراعلیٰ پرویزالٰہی سے حلف لینے کا حکم دیا .

. .

متعلقہ خبریں