لاہور (قدرت روزنامہ) ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ فی تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 50 ہزار روپے کی سطح سے اوپر چلی گئی . تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں اضافے کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹ گئے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ فی تولہ سونے کی قیمت ڈیڑھ لاکھ روپے کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی .
اس حوالے سے آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 2500روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونا1لاکھ 52ہزار روپے ہوگیا، جبکہ 2143روپے کے اضافے سے 10 گرام سونے کی قیمت 1لاکھ30ہزار315روپے ہو گئی، دوسری عالمی مارکیٹ میں3ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا1721 ڈالر ہو گیا .
بدھ کے روز ناصرف سونے کی قیمت میں، بلکہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کے بھی تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، ڈالر انٹربینک میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا .
بدھ کے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 3 روپے 57 پیسے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد امریکی کرنسی کی نئی قیمت 236 روپے 50 پیسے پر جا پہنچی . بتایا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی مخلوط حکومت آنے کے بعد انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 54 روپے مہنگا ہو چکا ہے جس کے باعث ملکی قرضوں کے بوجھ میں 6500 ارب روپے اضافہ ہوا ہے .
جبکہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ بدھ کے روز قدرے بہتر پرفارم کرنے میں کامیاب رہی . ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس 40ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا تاہم مندی کی لہر آنے سے انڈیکس 39900پوائنٹس کی سطح پر مثبت زون میں بند ہوا . بدھ کے روز کاروباری تیزی کے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں 8 ارب 35 کروڑ27 لاکھ 30 ہزار 422 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، یوں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 67 کھرب 43 ارب 64 کروڑ 38 لاکھ 21 ہزار 88 روپے سے بڑھ کر 67 کھرب 51 ارب 99 کروڑ 65 لاکھ 51 ہزار 509 روپے ہو گیا .
بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن اور اس کے اتحادیوں کی حکومت آنے کے بعد صرف ساڑھے 3 ماہ کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 5 ہزار سے زائد پوائنٹس کی مندی کا شکار ہو چکا، اس قدر بدترین مندی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کے کھربوں روپے ڈوب چکے .