کراچی (قدرت روزنامہ) وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کر دیا . انہوں نے کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص مخالفین کو چورکہتا تھا ان کے حوالے سے فنانشل ٹائمز نے کیا خبردی .
عمران خان میں اخلاقی جرات ہے تو برطانیہ جا کر اس ادارے کے خلاف درخواست دائر کرے .
انہوں نے کہا کہ وفاق چاہے تو عمران خان کو گرفتار کر سکتا ہے . عمران خان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے . فارن فنڈنگ سے متعلق جے آئی ٹی تشکیل دی جائے . ذوالفقار علی بھٹو کا ریفرنس عدالت میں موجود ہے اس پر فیصلہ سنایا جائے . شرجیل میمن نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا جائے . بہروپیے کے چہرے سے نقاب اتار جائے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے .
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ اکبر ایس بابر نے عمران خان کو غیر ملکی فنڈنگ کی بات کی جو حقیقت ہے . ہم لاڈلے کو نہیں مانتے ، ہم ایک ملک میں دو پارٹیوں کے لیے الگ الگ قانون نہیں چاہتے . وزیراعظم سے پی ٹی آئی فنڈنگ تحقیقات کےلیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کی درخواست کرتے ہیں . دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اتحادیوں کی سیاسی ساکھ راکھ بن گئی ہے .
نہ یہ عوام میں جانے کے قابل،نہ فرار ہونے کے اور نہ باہر سے بلانے کے قابل ہیں . اب خلق خدا فیصلہ کرے گی،جمہوریت مذاق اور اسمبلی تماشا بن گئی ہے . سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ بحران سری لنکا سے لبنان عراق اور اب پاکستان کی طرف آرہا ہے . ان ہی دنوں میں یورپ میں 4 حکومتیں ختم ہو گئی ہیں،ضمنی الیکشن کی بجائے نئے الیکشن پر معاملات طے پا گئے ہیں . شیخ رشید نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اکتوبر میں الیکشن کی تاریخ،نئے الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کا فیصلہ قوم جلد سن لے گی . قرنطینہ والے بھی الیکشن مان گئے ہیں،جبکہ صرف فضل الرحمن رہ گئے ہیں . ڈالر 250 کا،بجلی اور ایل پی جی میں 10 روپے کا اضافہ مارکیٹیں بند کرا دے گا .