وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بل گیٹس سے ٹیلیفون پر گفتگو

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے . انہوں نے پاکستان میں بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے تعاون سے صحت عامہ اور سماجی شعبہ کے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا ہے .

جمعہ کو وزیراعظم کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں حفاظتی قطرے پلانے، خوراک اور مالی شمولیت میں بہتری اور پولیو کے خاتمے کیلئے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے بھرپور تعاون کو سراہا .
انہوں نے تمام شعبوں میں جاری منصوبوں میں فائونڈیشن کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا . وزیراعظم نے 2022ء کے دوران پاکستان میں پولیو وائرس کے تصدیق شدہ کیسز میں حالیہ اضافہ پر گہری تشویش ظاہر کی .
واضح کیا کہ ان کی حکومت ملک سے ہر قسم کے پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے . انہوں نے کہا کہ رواں سال پولیو کے یہ کیسز جنوبی خیبرپختونخوا میں سامنے آئے .

وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی خیبر پختونخوا میں خصوصی ہنگامی رسپانس پر عمل کرتے ہوئے پولیو کے خاتمے کے پروگرام کے معیار میں بہتری لائی گئی ہے . وزیراعظم نے بل گیٹس کو بتایا کہ ان کی حکومت نے ضلع کی سطح پر ضرورت کے مطابق فیصلہ سازی کیلئے بااختیار بنانے اور پروگرام کے آپریشن کو ہر سطح پر مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے . انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پولیو پروگرام کے تمام عملہ بالخصوص فرنٹ لائن ورکرز کی سکیورٹی اور تحفظ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے .
بل گیٹس نے پولیو کے حوالہ سے اپنی تشویش کا اظہار کیا اور پاکستان کے ساتھ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو وائرس کے باعث فالج کا شکار نہ ہو . دونوں رہنمائوں نے حکومت کی سرپرستی میں دیگر پروگراموں میں فائونڈیشن کے تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا جس کا مقصد غذائیت کی کمی، ضروری حفاظتی ٹیکوں کی خدمات، مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے راست اور نیشنل سیونگ پروگرام کی ڈیجیٹلائزیشن کے مسائل کو حل کرنا ہے .

. .

متعلقہ خبریں