مریم نواز نے مفتاح اسماعیل کو بجلی کے بِلوں پر ٹیکس واپس لینے کی ہدایت کردی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے مفتاح اسماعیل کو بجلی کے بِلوں پر ٹیکس واپس لینے کی ہدایت کردی . تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مفتاح اسماعیل بجلی کے بِل پر ٹیکس واپس لیں کیوں کہ تاجر بھائی پریشان ہیں اور شکوہ کر رہے ہیں .


نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ امید ہے آپ کوئی حل نکالیں گے .
خیال رہے کہ ملک بھر کے تاجروں نے سیلز ٹیکس لگے بجلی کے بل جمع نہ کرانے کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے اعلان کیا کہ ملک بھر کے تاجر سیلز ٹیکس لگے بجلی کے بل جمع نہیں کرائیں گے، 2 اگست کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے دفاتر کے باہر احتجاجی دھرنے اور مظاہرے کیے جائیں گے اور ملک بھر کی مختلف مارکیٹوں میں روزانہ کی بنیاد پر احتجاج بھی کیا جائے گا، ملک گیر سطح پر لائحہ عمل طے کرنے کےلئے 30 جولائی کو ہنگامی اجلاس منعقد کیا جائے گا .
صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کاشف چوہدری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بجلی کے بلوں پر 3 ہزار سے 20 ہزار تک سیلز ٹیکس کا نفاذ کسی صورت قابل قبول نہیں، کم یا زیادہ بجلی کے استعمال کی تفریق کے بغیر فکس ریٹیل سیلز ٹیکس کا نفاذ کاروبار بند کروانے کا مذموم منصوبہ ہے، آئی ایم ایف کے دباؤ پر ناسمجھ وزیروں کے فیصلے ملکی معیشت کی تباہی کا باعث ہیں، بجلی کے بلوں پر لگائے گئے ٹیکسز اور معیشت کی تباھی ڈولتی حکومت کی اقتدار سے رخصتی کا باعث بنے گی، ملکی معیشت کو گرداب سے نکالنے کیلئے قومی میثاق معیشت وقت کی ضرورت ہے .
انہوں نے کہا کہ ایک کاروبار پر لگے کئی میٹروں، بند دکانوں گوداموں مساجد کی تفریق کے بغیر سب میٹروں پر سیل ٹیکس کا نفاذ درحقیقت غنڈہ ٹیکس وصولی کی کوشش ہے، بجلی کی ناقابل برداشت قیمت، لوڈشیڈنگ کا عذاب اور اب سیلز ٹیکس کا نفاذ تاجروں کے معاشی قتل کے مترادف ہے، اگر کسی تاجر کی بجلی کاٹنے کی کوشش ہوئی تو الیکٹرک کمپنیوں کے دفاتر کا گھیراؤ کریں گے .

. .

متعلقہ خبریں