الیکشن کمیشن کے فیصلے سے ثابت ہو گیا سب سے بڑا چور عمران خان ہے،شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سنیئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے پر تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لے لیا،انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے ثابت ہو گیا کہ سب سے بڑا چور عمران خان اور پی ٹی آئی چور پارٹی ہے . عمران خان نے 150 کروڑ روپے غیر قانونی طور پر حاصل کئے،جبکہ امریکہ سے جو فنڈنگ آئی اس کی بڑی لمبی تفصیل ہے .


عمران خان کو فنڈنگ کرنے والوں میں بھارتی اور اسرائیلی شہری شامل ہیں . شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلاح و بہبود کے پیسے تھے،تو 55 کروڑ روپے سیاسی جماعت کے اکاونٹ میں کیسے آئے . قانون ایک بھی غیر ملکی کمپنی یا شہری سے رقم لینے کی اجازت نہیں دیتا .
8 سال الیکشن کمیشن میں کیس زیر سماعت رہا،جبکہ عمران خان حکومت میں رہے تو الیکشن کمیشن پر دباو ڈالتے رہے .

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے اہم کیس کا فیصلہ آیا،فراڈ کی پوری رام لیلا سامنے آئی ہے . پی ٹی آئی کی سیاست یہ تھی کہ پچھلے سب چور ہیں،عمران خان نے جو فارم ون جمع کرایا وہ جعلی نکلا . عمران خان نے 8 سال تک عوام کو بیوقوف بنائے رکھا،5 سال یہ جھوٹا بیان حلفی جمع کراتے رہے . فیصلے کے بعد قانون اپنا راستہ لے گا . پی ٹی آئی نے غیر ملکی شخصیات اور کمپنی سے پیسے لیکر سیاست کی .
بات صرف قانون کی نہیں لیڈر شپ اور اخلاقیات کی ہے . شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے صرف 8 اکاونٹس کا اعتراف کیا،جبکہ 2014 کے بعد کیا ہوا،وہ بھی ایک دن سامنے آجائے گا . عمران خان کا ایک سچ بتا دیں جو انہوں نے کبھی بولا ہو،پی ٹی آئی نے تحقیقات روکنے کیلئے ہر طرح کے حربے استعمال کئے . ادھر الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنادیا، تین رکنی بینچ کی طرف سے متفقہ فیصلہ سنایا گیا، کیس میں تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کا الزام ثابت ہوگیا ، جس کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس جاری کردیا . اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈز لیے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں