سعودیہ سے کھجوروں میں چھپاکر تقریباً 3 لاکھ ڈالر سمگلنگ کی کوشش پرغیرملکی کو 2 سال قید ہوگئی

جدہ (قدرت روزنامہ) سعودی عرب سے کھجوروں میں چُھپا کر تقریباً 3 لاکھ ڈالر سمگل کرنے کی کوشش پرغیرملکی کو 2 سال قید ہوگئی . عرب میڈیا کے مطابق سعودی پراسیکیوشن کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ سعودی عدالت نے کھجوروں کے ڈبوں میں چھپا کر 2 لاکھ 79 ہزار ڈالر مملکت سے باہر اسمگل کرنے کی کوشش میں پکڑے گئے ایک غیر ملکی کو 2 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے .


بتایا گیا ہے کہ افریقی شہریت والا مجرم بھاری رقم سعوی عرب سے بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر پکڑا گیا تھا، اس مقصد کے لیے اس شخص نے مملکت کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے بیگ میں رکھے 2 کھجوروں کے ڈبوں میں ڈالر چھپائے ہوئے تھے، اس کے علاوہ گرفتاری کے وقت اس کے قبضے میں 5 ہزار سعودی ریال بھی برآمد ہوئے .
پراسیکیوشن اہلکار نے مزید کہا کہ اس شخص پر منی لانڈرنگ کا الزام لگایا گیا اور اس کے خلاف عدالت سے رجوع کیا گیا جس نے برآمد شدہ رقم کو ضبط کرنے اور جیل کی سزا پوری کرنے کے بعد اسے مملکت سے ملک بدر کرنے کا بھی حکم دیا تاہم استغاثہ نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کی ہے جس میں مجرم کو اس سے بھی سخت سزا کی استدعا کی گئی ہے . خیال رہے کہ سعودی قانون کے تحت مملکت چھوڑنے والے مسافر کے لیے 60 ہزار ریال سے زیادہ کی رقم مملکت سے باہر لے کر جانے کی صورت میں کسٹم ڈیکلریشن دینا ضروری ہوتا ہے بصورت دیگر ملک کے مالیاتی نظام کی خلاف ورزی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جاتا ہے، اس لیے حکام نے نے تمام مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور دوسروں کو ان کا استحصال کرنے کی اجازت نہ دیں اور کسی کی کوئی بھی رقم یا قیمتی اشیاء بغیر قانونی جواز کے بیرون ملک منتقل نہ کریں، ایسے کسی بھی عمل میں ملوث ہونے سے گریز کریں جس کے نتیجے میں مجرمانہ احتساب ہو کیوں کہ مملکت کی مالی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے ہر شخص کو مجاز عدالتوں میں پیش کیا جائے گا .

. .

متعلقہ خبریں