ڈالر کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز اضافہ

لاہور (قدرت روزنامہ)ڈالر کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز اضافہ، اماراتی درہم بھِی دوبارہ 60 روپے کی سطح تک پہنچ گیا، اوپن مارکیٹ میں 3 دنوں کے دوران امریکی کرنسی 8 روپے سے زائد مہنگی ہو گئی . تفصیلات کے مطابق چند روز کی بہتری کے بعد ڈالر نے دوبارہ اپنی اڑان کا آغاز کر دیا ہے .

انٹربینک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں مسلسل تیسرے روز ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے .
انٹربینک میں جمعرات کے روز امریکی کرنسی کی قیمت 7 پیسے بڑھ گئی اور کاروباری روز کے اختتام پر ڈالر 214 روپے 95 پیسے پر بند ہوا . جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے اضافے سے 218 روپے پر فروخت ہوا . اوپن مارکیٹ میں منگل اور بدھ کے روز بھی 3، 3 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا تھا .
جبکہ دیگر کرنسیوں کی قیمتوں میں بھی واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے . ڈالر مہنگا ہونے سے اماراتی درہم کی قیمت بھی 50 پیسے اضافے سے 60 روپے ہو گئی .

جبکہ دیگر کرنسیوں کے حوالے سے فاریکس رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز یورو کی قدر میں 1روپے کا اضافہ ہوا جس سے یورو کی قیمت خرید 218.50روپے سے بڑھ کر219.50روپے اور قیمت فروخت221روپے سے بڑھ کر222روپے ہو گئی . جبکہ برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 260 روپے اور قیمت فروخت 263 روپے پر مستحکم رہی . یہاں واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سے پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ شروع ہوا تھا جو اب رک گیا ہے .
معاشی ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں ڈالر کی طلب دوبارہ بڑھنے سے روپے کی پوزیشن کمزور ہو رہی ہے . گزشتہ ہفتے مارکیٹ میں ڈالر کی طلب بہت کم تھی اسی وجہ سے انٹربینک مارکیٹ میں 239 روپے اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں 250 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ جانے والے ڈالر کی قیمت میں چند ہی روز میں بڑی گراوٹ دیکھی گئی تھی . معاشی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف سے قرض ملنے کے بعد کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت گر کر 185 سے 190 روپے کی سطح تک آ سکتی ہے .

. .

متعلقہ خبریں