پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل کی زندگی پر بننے والی ٹیلی فلم کا ٹیزر ریلیز

(قدرت روزنامہ)پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی زندگی پر بنائی جانے والی ٹیلی فلم 'ایک ہے نگار' کا ٹیزر ریلیز کردیا گیا جس میں اداکارہ ماہرہ خان ان کا کردار ادا کریں گے . گزشتہ چند روز سے خبریں زیر گردش تھیں کہ ماہرہ خان جلد ہی اسکرین پر پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کے روپ میں دکھائی دیں گی .

وائرل ہونے والی پوسٹس میں یہ بھی کہا گیا تھا مذکورہ ٹیلی فلم کی شوٹنگ راولپنڈی میں آرمی میڈیکل کالج میں جاری ہے اور ماہرہ خان بھی اس کا حصہ ہیں . مزید پڑھیں: کیا ماہرہ خان اسکرین پر پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل بننے جا رہی ہیں؟ جس کے بعد یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی زندگی پر بنائی جانے والی ٹیلی فلم کا ٹیزر ریلیز کردیا گیا . یہ ٹیلی فلم پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کی معاونت سے تیار کی جارہی ہے اور نجی چینل اے آر وائے ڈیجیٹیل پر ریلیز ہوگی . یوٹیوب، انسٹاگرام اور ٹوئٹر سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریلیز کیے گئے ٹیزر میں پاک فوج کے یونیفارم میں ملبوس اداکارہ ماہرہ خان کو، لیفٹیننٹ جنرل نگار کے روپ میں آرمی میڈیکل کالج کے باہر کھڑے دیکھا جا سکتا ہے . 'ایک ہے نگار' کی کہانی معروف ناول و ڈراما نگار عمیرہ احمد نے تحریر کی ہے اور اس کی ہدایات عدنان سرور دے رہے ہیں . یہ ٹیلی فلم نینا کاشف اور ماہرہ خان کے پروڈکشن ہاؤس سول فرائے کے بینر تلے نجی ٹی وی چینل پر ریلیز کی جائے گی . اس ٹیلی فلم کی کاسٹ میں ماہرہ خان، بلال اشرف اور سہیل سمیر سمیت دیگر اداکار شامل ہیں . آئی ایس پی آر کی جانب سے اس ٹیلی فلم کا ٹیزر ریلیز کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ جلد نشر ہوگی . نجی چینل اے آر وائے کے مطابق 'ایک ہے نگار' پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو خراجِ تحسین ہے، وہ پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کی ایک بڑی علامت ہیں . دوسری جانب اداکارہ ماہرہ خان نے اس ٹیلی فلم کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کرنا میرے لیے اعزاز ہے جنہیں میں بہت پسند کرتی ہوں جو پاک فوج کی پہلی خاتون تھری اسٹار جنرل ہیں' . انہوں نے کہا کہ 'ایک ہے نگار' میں لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی زندگی اور کیریئر کی کہانی بیان کی گئی ہے . ماہرہ خان نے مزید لکھا کہ 'کیا زندگی، کیا کہانی ہے، وہ ہمارے درمیان موجود ایک عظیم شخصیت ہیں' . . .

متعلقہ خبریں