بجلی صارفین کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیا نوٹیفیکیشن جاری ، حکومت کا بڑا اعلان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) 300 یونٹ تک فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ نہ لینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ، جس کے مطابق 300 سے کم یونٹ استعمال کرنے والےصارفین سے بجلی کے بلوں میں ایندھن کی قیمت وصول نہیں کی جائے گی ۔
وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق “فیول چارج ایڈجسٹمنٹ” سے متعلق وزیراعظم شہبازشریف کے حکم کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے ، 300 اور اس سے کم یونٹ استعمال کرنے والےصارفین سے بجلی کے بلوں میں ایندھن کی قیمت وصول نہیں کی جائے گی ،
اگست کے مہینے کے بلوں میں مہنگے ایندھن کی قیمت شامل کی گئی تھی جس پر شہری سراپا احتجاج تھے ۔ وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر نئے بلوں کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ، بل ادائیگی کی آخری تاریخ میں توسیع بھی کر دی گئی ، جو شہری بل ادا کر چکے ہیں، آئندہ ماہ کے بلوں سے مطلوبہ رقم کم کر دی جائے گی۔