برطانیہ(قدرت روزنامہ)ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم کی طبیعت ناساز ہوگئی . بکنگھم پیلس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ڈاکٹروں کو ملکہ ایلزبتھ کی طبیعت سے متعلق تشویش ہے .
بکنگھم پیلس سے جاری بیان کے مطابق ملکہ کو ڈاکٹروں کے زیر نگرانی رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے . 96 سالہ ملکہ کو پچھلے سال اکتوبر سے صحت کے مسائل کا سامنا ہے جس کے باعث انہیں چلنے پھرنے اور کھڑے ہونے میں مشکل پیش آتی رہی ہیں .
بکنگھم پیلس کا کہنا ہے کہ ملکہ کے اہل خانہ کو ملکہ کی طبیعت سے متعلق اطلاع کر دی گئی ہے، ڈیوک آف کیمبرج پرنس ولیم ملکہ کے پاس پہنچ گئے ہیں جبکہ پرنس چارلس بھی ملکہ کے پاس پہنچ رہے ہیں . برطانوی وزیراعظم لز ٹرس کا کہنا ہے کہ بکنگھم پیلس سے آنے والی اطلاعات پر پورے ملک میں تشویش ہے، میری اور پورے ملک کی دعائیں ملکہ الزبتھ کے ساتھ ہیں .
برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے بھی ملکہ الزبتھ کی صحت سے متعلق خبروں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور اسپیکر پارلیمنٹ نے ملکہ کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے . گزشتہ روز ملکہ نے نومنتخب وزیراعظم لز ٹرس سے ملاقات کی تھی، قبل ازیں طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے انہوں نے وزرا کے ساتھ ورچوئل میٹنگ منسوخ کر دی تھی .