اسلام آباد (قدرت روزنامہ) ملکہ برطانیہ کا انتقال، پاکستان میں بھی یوم سوگ منانے کا اعلان، یوم سوگ کے سلسلے میں ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا . تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے ملکہ برطانیہ کے انتقال پر پاکستان میں بھی یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے .
جیو نیوز کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے ملکہ برطانیہ کے انتقال پر پاکستان میں بھی یوم سوگ منانے کی سفارش کی گئی، جسے وزیر اعظم نے منظور کر لیا .
وزیر اعظم کی منظوری کے بعد ملک میں 12 ستمبر کو یوم سوگ منایا جائے گا، اس روز ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا . واضح رہے کہ جمعرات کے روز وزیر اعظم شہباز شریف نے برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر برطانوی شاہی خاندان ، حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا تھا .
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر انہیں گہرا دکھ اور افسوس ہوا ہے .
پاکستان ان کی وفات کے سوگ میں برطانیہ اور دولت مشترکہ کے دیگر ممالک کے ساتھ شریک ہے . یاد رہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم جمعرات کے روز انتقال کر گئی تھیں .
ملکہ برطانیہ کی عمر 96 سال تھی، ان کی آخری رسومات کل بروز جمعہ لندن میں ادا کی گئیں، جبکہ برطانیہ بھر میں 10 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے . ملکہ برطانیہ اسکاٹ لینڈ میں واقع بالمورال شاہی محل میں میں زیر علاج تھیں، وہیں ان کا انتقال ہوا . ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال سے برطانیہ پر ان کی 70 سالہ طویل بادشاہت کا اختتام ہو گیا، ان کے انتقال کے بعد شہزادہ چارلس نے اب برطانیہ کے بادشاہ کا عہدہ سنبھال لیا ہے .
. .