اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف کی 18 ستمبر کو لندن روانگی کا امکان ظاہر کردیا گیا . میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف 15 اور 16 ستمبر کو ازبکستان کا دورہ کریں گے، جہاں وہ سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے، وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گے، جس کے بعد وہ 16 ستمبر کی شام وفد کے ہمراہ وطن واپس لوٹیں گے .
ذرائع کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم کا 18 ستمبر کو برطانیہ کا 2 روزہ دورہ متوقع ہے، جہاں شہباز شریف کی لندن میں سیاسی ملاقاتوں کا امکان ہے، ان کی ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت بھی متوقع ہے، وہاں وزیراعظم 19ستمبر کی شام جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچیں گے اور 23 ستمبر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جس کے بعد 23 ستمبر کی شام کو ہی نیویارک سے وطن واپس روانہ ہوں گے .
ادھر ملکہ برطانیہ کی وفات پر پاکستان میں ایک روزہ یوم سوگ کا اعلان کردیا گیا، وزارت خارجہ نے وزیر اعظم کو ملکہ برطانیہ کی وفات پر سرکاری سطح پر یوم سوگ منانے کی تجویز دی تھی، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے ملکہ برطانیہ کے وفات پر یوم سوگ منانے کی منظوری دے دی اور حکومت کی جانب سے ملکہ الزبتھ دوم کی وفات پر ایک دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ کل بروز پیر 12 ستمبر کو ملک بھر میں یوم سوگ منایا جائے گا، جس کے باعث قومی پرچم سرنگوں رہے گا .
واضح رہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم گزشتہ شب انتقال کرگئیں، ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال سے برطانیہ پر ان کی 70 سالہ طویل بادشاہت کا اختتام ہوا، ان کی عمر 96 سال تھی، ملکہ الزبتھ کی وفات پر برطانیہ بھر میں 10 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے .