وفاقی حکومت میں اتحادی جماعتیں ایک دوسرے سے نالاں نظر آنے لگیں

کراچی (قدرت روزنامہ) وفاقی حکومت کے اتحاد میں شامل متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اپنی ہی حکومتی اتحادی جماعت پیپلزپارٹی سے نالاں نظر آنے لگی . سماء نیوز کے مطابق سابق میئر کراچی اور ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما وسیم اختر نے کہا ہے کہ موجودہ بلدیاتی حلقہ بندیوں کے ذریعے پری پول دھاندلی کرچکی ہے، پیپلرپارٹی سے معاہدوں کا تجربہ کبھی اچھا نہیں رہا اور اس بار بھی نیک نیتی نظر نہیں آرہی .


انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کے پاس سارے وسائل اور اختیارات ہونے کے باوجود شہر کا یہ حال ہے، وہ ڈلیور نہیں کر سکے ہیں، وہ کراچی کے ناکام ترین ایڈمنسٹریٹر ہیں . ادھر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑ چکی ہے، معاشی تباہی، سیاسی عدم استحکام اور مہنگائی انہیں لے ڈوبے گی، لوگ خود بخود سڑکوں پہ ہوں گے کیوں کہ سیلاب نے پیپلزپارٹی کی سیاست دفن کردی ہے، سندھ میں غذائی قحط ہوگا، گندم، کپاس اورگنا نہ ہوگا، لاڑکانہ، نواب شاہ تک بھی مدد نہیں پہنچی .
شیخ رشید احمد نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کے رونے سے بجلی اور پٹرول سستا نہیں ہوگا، ایل سی نہیں کھلے گی تو کارخانے کیسے چلیں گے؟ نواز شریف اپنے بھائی شہباز شریف کی بات نہیں مانے گا .
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ تناؤ اور کھچاؤ بحران پیدا کرے گا، عمران خان کی جیت کے ڈر سے 11 حلقوں میں انتخابات ملتوی کیے گئے، عمران خان کو نااہل کرنا، مائنس کرنا یا جیل بھیجنا ممکن نہیں ہے، عدلیہ کی دانشمندی عنقریب الیکشن کروائے گی کیوں کہ صرف الیکشن ہی حل ہے .

. .

متعلقہ خبریں