پنجاب حکومت کا سیلاب متاثرین کے گھر بنانے کیلئے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان

لاہور (قدرت روزنامہ) پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کے گھر بنانے کیلئے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا . تفصیلات کے مطابق لاہور پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبے کے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پنجاب حکومت سب کو سکھ دے گی، سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں، متاثرین کے گھروں کی تعمیر کے لیے نقد رقوم دی جائیں گی، ان کو گھر بنانے کیلئے10 لاکھ روپے امداد دی جائے گی .


انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ٹیلی تھون میں اب تک ڈھائی ارب روپیہ اکٹھا ہوا ہے، صحت کارڈ بہترین اور اچھی اسکیم ہے، اس پر عمل درآمد کے لیے بھی کام کریں گے اور کوشش ہوگی ہیلتھ کارڈ بھی فوری طور پر دے دیئے جائیں جب کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں خوراک پر 40 فیصد سبسڈی دیں گے اور ہر زمیندار کو سولر پمپ کی سہولت فراہم کی جائے گی .
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صحافیوں کی بہبود کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے، صحافیوں کی بہبود کے لیے ایسے قوانین بنائیں گے جو کوئی حکومت تبدیل نہ کر سکے، پریس کلب کے ممبر صحافیوں کے لیے آپریشن بھی فری کرنے کا اعلان کرتا ہوں .

دوسری طرف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر موسمیاتی تباہی نہیں دیکھی جتنی پاکستان میں سیلاب کے باعث ہوئی، ایسے وقت میں جب ہماری زمین گرم ہو رہی ہے تو تمام ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث وہ نقصانات اٹھا رہے ہیں جن سے نمٹنا ان کے بس کی بات نہیں ہے، یہ ایک عالمی بحران ہے اور عالمی رد عمل چاہتا ہے .
اسی طرح وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو موجودہ چیلینج سے نبردآزما ہونے کیلئے عالمی تعاون کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بے مثال معاونت پر مشکور ہیں، انتونیو گوتریس کا دورہ سیلاب سے جنم لینے والے انسانی المیے سے متعلق آگاہی کے لیے اہم ہے .
وزیراعظم نے کہا کہ شدید گرمی میں سیلاب متاثرہ علاقوں اور امدادی کیپموں کے دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کو دیکھ کر شدید حیران اور پریشان رہ گئے، وہ سیلاب متاثرین کے دُکھوں کی آواز بن گئے ہیں، دنیا کو ان کی موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کے حوالے سے گفتگو پر توجہ دینی چاہیئے .
شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دو روزہ دورہ اس انسانی سانحے کے حوالے سے دنیا بھر میں آگاہی پھیلانے کے لیے نہایت اہم رہا، ان کی ہمدردی اور قائدانہ خصوصیات نے مجھے متاثر کیا، پاکستان کو اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے .

. .

متعلقہ خبریں