عالمی دنیا

گرفتار نہیں ہوا، سوشل میڈیا پر زیر گردش وڈیو 2018 کی ہے، جنید صفدر

لندن(قدرت روزنامہ)سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے محمد جنید صفدر نے سوشل میڈیا پر ان پوسٹس کی تردید کی ہے جس میں دعویٰ کیاجارہا ہےکہ انہیں اسکاٹ لینڈ یارڈ نے لندن میں گرفتار کرلیا،ٹوئٹر پر کئی صارفین نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنید صفدر کو پولیس وین لے جا رہی ہے۔کچھ صارفین کا کہناہے کہ جنید کو لندن سے چوری ہونے والی اور کراچی میں ملنے والی بینٹلے گاڑی کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے اور کچھ نے دعویٰ کیا کہ جنید کو جعلی ڈگری حاصل کرنے پر گرفتار کیا گیا ۔
جنید صفدر نے ایک بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں، میری گرفتاری سے متعلق خبریں جھوٹی ہیں،ان لوگوں کے لیے جن کی یادداشت مختصر ہے، یہ ویڈیو 2018 کی ہے، مجھے اپنے دفاع میں پی ٹی آئی کے غنڈوں کے ایک گروپ کی طرف سے اکسائے گئے حملے کا جواب دیتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے مجرمانہ تحقیقات کیں اور مزید کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
جنید صفدر نے کہاکہ مجھے بتایا گیا ہے کہ شرمندگی کی وجہ سے زیادہ، بہر حال کوئی معافی یا وضاحت جاری نہیں کی گئی ،مجھے اس طرز عمل کے بارے میں مزید کچھ نہیں کہنا۔جنید صفدر نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ سوشل میڈیا کو ان دنوں جعلی سیاسی مہم چلانے اور مخالفین کو نشانہ بنانے کے لیے ایک سہارے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں