’سعودی عرب افغان عوام کے ساتھ کھڑا ہے‘

ریاض (قدرت روزنامہ) سعودی عرب نے طالبان اور تمام افغان جماعتوں پر زوردیا ہے کہ وہ ملک میں عوام کے جان ومال کا تحفظ کریں . سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے طالبان کے افغان دارالحکومت کابل میں داخلے اور کنٹرول کے ایک روز بعد سوموار کو ٹویٹرپر پہلا بیان جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ ”سعودی عرب افغان عوام کے کسی بیرونی مداخلت کے بغیر انتخاب کے ساتھ کھڑا ہے .

“ امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ افغانستان میں صورت حال جلد ہی مستحکم ہوجائے گی . دوسری جانب و زیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کے عزم اور حمایت کا ایک بار پھر اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ حال ہی میں قائم ہونے والی سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی . وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے پیر کو یہاں ملاقات کی ،وزیراعظم عمران خان نے وفد کا خیرمقدم کیا اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا . انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ سعودی قیادت کا خصوصی احترام کیا ہے . وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کے عزم اور حمایت کا ایک بار پھر اعادہ کیا . وزیراعظم عمران خان اور سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا . وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور سعودی عرب اور پاکستان کے عوام کے مابین روابط کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا . انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حال ہی میں قائم ہونے والی سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی . وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان آنے والے برسوں میں دوطرفہ دفاعی تعاون مزید بڑھے گا . . .

متعلقہ خبریں