وزیراعلیٰ پنجاب کی قیدیوں کیلئے ناشتے میں انڈہ اور معیاری خوراک فراہم کرنےکی ہدایت
لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے قیدیوں کیلئے ناشتے میں انڈہ اور معیاری خوراک فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ دوران تعلیم بہتر کارکردگی دکھانے پر قیدیوں کو سزا میں رعایت ملے گی،لاوارث قیدیوں کو مفت لیگل ایڈ فراہم کی جائے گی۔ دنیا نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت جیل اصلاحات کیلئے خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں جیلوں میں قیدیوں کی فلاح وبہبود کیلئے متعدد تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں۔
وزیراعلیٰ نے جیل ریفارمز کے حوالے سے 7 روز میں حتمی پلان طلب کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا کہ دوران تعلیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے قیدیوں کو سزا میں رعایت ملے گی، جیل میں ڈیوٹی کرنے والے ڈاکٹرز کو ڈیڑھ لاکھ روپے الاؤنس دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے قیدیوں کیلئے ناشتے میں انڈے اور معیاری خوراک فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا کہ غیرملکی قیدیوں کی متعلقہ قونصل جنرل تک رسائی کیلئے کارروائی عمل میں لائی جائے، جیل کینٹین کے انتظامات، یوٹیلٹی اسٹور یا دیگر بڑے اسٹورز کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پرویزالہٰی نے لاوارث قیدیوں کو مفت لیگل ایڈ فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے۔دوسری جانب سینئرصوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت 90 شاہراہ قائد اعظم پر پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی کا 88واں بورڈ اجلاس منعقد ہوا جس میں دو نئی ہائوسنگ سکیموں کی منظوری دی گئی۔
’’نیو سٹی پیراڈائز ہائوسنگ سکیم‘‘ تحصیل حسن ابدال ضلع اٹک کے موضع کوہالیاں اسلام گڑھ خالق داد میں بنے گی جبکہ ڈی ون کپیٹل پارکس سٹی ہائوسنگ سکیم تحصیل فتح جھنگ ضلع اٹک کے موضع رتوال اینڈ دولت پور میں بنے گی۔ پالیسی کے مطابق دونوں ہائوسنگ سکیموںمیں 20فیصد کوٹہ نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کے لئے مختص ہے۔ سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے رہائشی سکیموں کی منظوری میںبلاجواز تاخیر پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ ہائوسنگ سکیموں کی جلد منظوری کے لئے بورد آف ریونیو میں فوکل پرسن مقررہ کیا جائے گا ۔
آئندہ نئی ہائوسنگ سکیم کی منظوری کے لئے ڈویلپر فراہمی و نکاسی آب کا مکمل پلان دینے کا پابند ہوگا۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ بے گھرافراد کو چھت کی فراہمی کی سکیموں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں ۔حکومت مفاد عامہ کی سکیموں کی تیزی سے تکمیل کے لئے ڈویلپر ز کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ رہائشی سکیموں کی منظوری کے بعد ان پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنانا پھاٹا کی ذمہ داری ہے۔ڈویلپرز نے ہائوسنگ سکیموں میں مقررہ مدت میں انفراسٹرکچر مکمل کرنے کی یقینی دہانی کرائی۔سیکرٹری ہائوسنگ میاں شکیل احمد ، ڈی جی پھاٹا خالد نذیر وٹو ، بورڈ ممبران اور ڈویلپرز نے اجلاس میں شرکت کی۔