فواد چوہدری کا جاوید لطیف اور مریم اورنگزیب کی گرفتاری کا مطالبہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تقاریر کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور مذہبی معاملا ت پر اشتعال دلانے کے الزام میں وفاقی وزیر جاوید لطیف کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا . سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے وفاقی وزراء کے خلاف مقدمہ درج ہونے پر ردِعمل دیا گیا ہے .

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے اسے مثبت پیش رفت قرار دیا .
فواد چوہدری نے کہا کہ ایک خوش آئند پیشرفت ہے، پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور یہ صرف ایک اور معمول کی ایف آئی آر نہیں ہونی چاہیے .
خیال رہے کہ وفاقی وزیر جاوید لطیف کیخلاف لاہور کے تھانہ گرین ٹاون میں مقدمہ درج کیا گیا .
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب،ایم ڈی پی ٹی وی اور پروگرام پروڈیوسر کے نام بھی مقدمے میں شامل کئے گئے ہیں .

وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر مقدمے کی ایف آئی آر شیئرکی اور کہا کہ عمران خان سمیت کسی بھی شہری کے خلاف مذہبی منافرت اور تشدد پر اکسانے کی اجازت نہیں دی جائے گی . واضح رہے کہ وفاقی وزیر جاوید لطیف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملک میں فتنہ و فساد برپا کرنا چاہتے ہیں،وہ مذہب کو سیاست کے لیے استعمال کر رہے ہیں .
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اقتدار کیلئے مارا مارا پھر رہا ہے، پہلے اقتدار کے لیے اس کا انحصار سلیکشن کمیٹی پر تھا،اب اس کا انحصار امریکیوں پر ہو گیا ہے . نواز شریف واپس آ رہے ہیں،عوام جس طرح نواز شریف کا استقبال کرے گی،عمران خان کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی اورعمران خان کو این آر او نہیں دیا جائے گا . انہوں نے کہا کہ عمران خان اداروں کو للکار رہے ہیں،عمران خان کا فتنہ چل نکلا تو ملک میں خون ریزی ہو گی،اگر عمران خان کو روکا نہ گیا تو شدید عوامی رد عمل آسکتا ہے .

. .

متعلقہ خبریں