راولپنڈی(قدرت روزنامہ) متروکہ وقف املاک راولپنڈی نے لال حویلی سمیت 7 اراضی یونٹس پر غیر قانونی قبضہ پر شیخ رشید کو آخری موقع دے دیا . دنیا نیوز کے مطابق متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کو اصالتاً یا وکالتاً پیش ہونے کا حکم دے دیا .
متروکہ وقف املاک زونل دفتر راولپنڈی میں لال حویلی کے ایک یونٹ سمیت سات اراضی یونِٹس پر قبضے سے متعلق سماعت ہوئی .
شیخ رشید کے وکیل ایڈووکیٹ سردار شاہ زیب اور انکے سیکرٹری متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان کے روبرو پیش ہوئے . شیخ رشید کے وکیل نے نیا وکالت نامہ جمع کرا کے استدعا کی کہ دستاویزات کی تیاری کیلئے مہلت دی جائے اور شیخ رشید سیاسی مقدمات کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکتے .
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے وکیل کی استدعا مسترد کرتے ہوئے شیخ رشید کو تین بجے تک پیش ہونے کا حکم دیا تھا لیکن سابق وزیر داخلہ پیش نہ ہوئے .
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک نے شیخ رشید کو آخری موقع دیتے ہوئے 21 ستمبر تک سماعت ملتوی کردی . یاد رہے کہ شیخ رشید کے خلاف متروکہ وقف املاک کی اراضی پر قبضے سے متعلق انکوائری 1994 میں شروع ہوئی جس کے بعد ان کو متعدد نوٹسز جاری کئے گئے . متروکہ وقف املاک کی دستاویزات کے مطابق شیخ رشید نے لال حویلی سمیت سات اراضی یونِٹس پر غیر قانونی قبضہ کیا ہوا ہے .
ادھر سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ 3 رشتہ دار اور عدالتی ضمانتوں پرمفرور24 کروڑ پاکستانیوں کے مستقبل کا لندن میں فیصلہ کریں گے،خرم دستگیر کہتے ہیں کہ قومی سلامتی کے اداروں کے مستقبل کا فیصلہ بھی لندن میں یہی کریں گے . کسی مسلم لیگی لیڈرکو اس میٹنگ میں بیٹھنےکی اجازت نہیں تھی . سابق وزیر داخلہ نے اپنے بیان کہا کہ پی ڈی ایم کا سیاسی جنازہ دھوم سے نکلے گا . نوازشریف پاکستان آنے سے گھبرائیں گے،150 روپے کلو نایاب آٹا خریدنے والے ریاست اور سیاست سے مایوس ہو گئے ہیں .