جدہ سے کراچی کے لیے براہ راست پروازیں بحال کرنے کا اعلان

جدہ (قدرت روزنامہ) سعودی عرب کی فضائی کمپنی فلائی ناس نے جدہ سے کراچی کے لیے براہ راست پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا . کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز 30 اکتوبر2022 سے کیا جائے گا، اس سلسلے میں جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے کراچی کے لیے ہفتہ، اتوار اور منگل کے روز ہفتہ وار تین پروازیں چلائی جائیں گی، اس روٹ کی بحالی کا مقصد توسیعی منصوبے کے تحت سعودی عرب کو تمام سٹیشنوں سے جوڑنا ہے .


بتاتے چلیں کہ سعودی عرب نے گزشتہ برس دسمبر میں پاکستان سمیت 6 ممالک پرعائد سفری پابندیاں ختم کردی تھیں ، سفری پابندیاں ختم کرنے کے فیصلے کے ساتھ ہی پاکستانیوں سمیت انڈونیشیا، برازیل، ویتنام، مصر اور بھارت کے شہریوں کیلئے سعودی عرب کے دروازے کھل گئے اور پاکستانیوں کو براہ راست مملکت آمد کی اجازت مل گئی ، تب سے پاکستان سے سعودی عرب کیلئے براہ راست مسافر پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں ، سعودی حکومت کے اس فیصلے کی وجہ سے ہزاروں ایسے سعودی اقامہ ہولڈرز پاکستانیوں کی سعودی عرب واپسی ممکن ہو ئی ، جو کئی ماہ قبل پاکستان آنے کے بعد دوبارہ سعودی عرب واپس جانے سے قاصر تھے .
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا ، پروازوں میں یہ اضافہ سعودی شہروں جدہ اور ریاض کے لیے ہوگا ، جس کا مقصد پاکستانی کارکنوں کو سہولت دینا ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے دوسرے گھر سعودی عرب واپس پہنچ سکیں ، انہوں نے یہ بات سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد سعودی ایئرلائن کی اسلام آباد سے پہلی براہ راست پرواز کی جدہ روانگی کے موقع پر کہی ، یہ پرواز وفاقی دارالحکومت سے 231 مسافروں کو لے کر جدہ روانہ ہوئی .
بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مارچ 2020ء میں معطل ہونے والا فضائی آپریشن کی مکمل طور پر بحالی کے موقع پر مسافروں کی روانگی کے لیے اسلام آباد ایئر پورٹ پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے ، اس دوران مسافروں کو کورونا ایس او پیز، قرنطینہ اور دیگر پابندیوں کے بارے میں آگاہی بھی دی گئی ، پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے مسافروں کو رخصت کرتے ہوئے انہیں پھول پیش کیے ، اس موقع پر سعودی سفیر نے چیک ان کاؤنٹرز پر مسافروں کے مسائل بھی سنے اور ایئر لائن حکام کو مسافروں کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی .

. .

متعلقہ خبریں