چوہدری نثار نے آزاد گروپ کے قیام کے لیے ابتدائی ہوم ورک شروع کر دیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے آزاد گروپ کے قیام کے لیے ابتدائی ہوم ورک شروع کر دیا . دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق وہ اپنے ہم خیال سیاستدانوں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور انہیں آزاد حیثیت میں آئندہ عام انتخابات لڑنے کے لیے آمادہ کر رہے ہیں .

اب تک کی صورتحال کے مطابق وہ خود بھی آزاد حیثیت میں آئندہ الیکشن لڑیں گے .
جنوبی پنجاب سے جہانگیر ترین اور مخدوم احمد محمود جن کے درمیان حال میں صلح ہوئی ہے وہ بھی نئی پارٹی اور اپنا گروپ قائم کرنے کے بارے میں مشاورتی عمل سے گزر رہے ہیں . الیکشن کے نزدیک کسی مرحلے پر آزاد گروپ اور جنوبی پنجاب کا مجوزہ گروپ متحد ہو سکتا ہے . یہ رپورٹ کے مطابق چوہدری نثار کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کے بجائے آزاد حیثیت میں قومی اور صوبائی اسمبلی کا انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کے لیے انہوں نے دفتر بھی قائم کر دیا ہے جہاں وہ ہفتے میں چار دن موجود ہوتے ہیں .
چوہدری نثار نے اپنے قومی وصوبائی حلقوں کے سروے کرایا ہے جس کے مطابق ان کے حلقوں میں پارٹی کو ووٹ سے زیادہ گروپس کا ووٹ بینک ہے جس میں چوہدری نثار گروپ، غلام سرور خان گروپ نمایاں ہے . مختلف پارٹیوں کا ووٹ بینک تیس سے چالیس فیصد ہیں . چوہدری نثار کا خیال ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما غلام سرور خان جو تقریبا چار سال وفاقی وزیر رہے اور موجودہ حکمران جماعت ن لیگ دونوں سے عوام مہنگائی کی وجہ سے نالاں ہیں .
جس کا انہیں انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے خاطر خواہ فائدہ حاصل ہوگا . رپورٹ کے مطابق اب تک کی حکمت عملی کے مطابق غور کیا جا رہا ہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں سے ناراض سینئر سیاستدانوں کو اکٹھا کر کے آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا جائے . چوہدری نثار ایسے امیدواروں کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں جو پی ٹی آئی یا ن لیگ، پیپلز پارٹی سے ان کی پالیسیوں اور طرز سیاست کی وجہ سے نالاں ہیں اور ان پارٹیوں کے ٹکٹ لینے سے گریزاں ہیں . منصوبہ بندی کے تحت آزاد الیکشن جیت کر اسمبلی میں اپنی شناخت قائم رکھتے ہوئے آئندہ حکومت کی حمایت یا مخالفت کا فیصلہ وقت کے مطابق کیا جائے گا .

. .

متعلقہ خبریں