پاکستان

حکومت نے ملک میں مہنگائی کا گند پھیلا رکھا ہے، عمران اسماعیل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ٹی آئی رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں مہنگائی کا گند پھیلا رکھا ہے۔مزمل اسلم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ جب عمران خان امریکہ گئے تھے تو ایمبیسی میں رہے تھے لیکن آج وزیراعظم شہباز شریف مہنگے ہوٹلوں میں قیام پذیر ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم نے تخیمہ لگایا ہے کہ عمران کی حکومت گرانے کی ملک کو کتنی قیمت ادا کرنی پڑی ہے ، ہمارے وقت میں چھ فیصد گروتھ ریٹ تھا اور آج پاکستان کی گروتھ ریٹ صفر ہے ، یعنی حکومت پاکستان حکومت کی تبدیلی کی قیمت چوبیس ارب ڈالرز ادا کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی کمر مہنگائی سے ٹوٹ گئی ہے اور ملک میں مہنگائی کا وبال ہے۔
عمران اسماعیل نے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب کی سب سے زیادہ فکر عمران خان کو ہے، انہوں نے مدد کے لیے تیرہ ارب روپے اکھٹا کیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ریجیم کی تبدیلی کرنے والے چودہ لوگ عمران کا مقابلہ کرکے دکھائیں۔انہوں نے بتایا کہ پچھلے سال سندھ میں گندم چوہے کھاگئے تھے اور اس سال کہیں گے گندم پانی میں بہہ گئی ہے تاہم ملک کے مسائل کا حل صرف انتخابات میں ہے۔
دوسری جانب مزمل اسلم نے کہا کہ شرح سود اس وقت سب سے زیادہ ہے، ٹیکس کلیکشن کی رفتار بہت ہی کم ہے اور آئی ایم ایف نے جو قسط دی اس کی آدھی رقم 15 دن میں ختم ہوچکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے 4 ماہ میں ساڑھے سات ہزار ارب قرضہ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی اسحاق ڈار ہی پاکستان کی معیشت چلا رہے تھے لیکن اب وہ کھل کر سامنے آرہے ہیں ، امید ہے جہاں ہم نے معیشت چھوڑی وہاں تک لے آئے۔

متعلقہ خبریں