اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کی تصدیق کردی . نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اگلے ہفتے پاکستان آسکتے ہیں، حکومت ان کے تجربے سے استفادہ کرے گی .
میڈیا سے بات چیت میں وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایک احمق کا کہنا ہے کہ الیکشن کرا دیں، ایک تہائی پاکستان ڈوبا ہوا ہے کیسے الیکشن کرا دیں .
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس وقت ساڑھے 3 کروڑ پاکستانی بے گھر ہیں، حکومت کا پورا فوکس متاثرینِ سیلاب کی بحالی پر ہے . انہوں نے کہا کہ فتنے اور فساد کو روکنے کے لیے ہم نے تیاری کی ہے، اگر پی ٹی آئی والے آئین و قانون کے مطابق پرامن احتجاج کرنا چاہیں گے تو ہم تحفظ فراہم کریں گے .
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر وہ ریڈ زون یا ڈی چوک کی طرف بڑھیں گے تو ان کے پاگل پن کا موثر علاج کیا جائے گا .
انہوںنے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ وہ اپنے مخالفین کو برا بھلا کہتے ہیں، گالیاں دیتے ہیں، مگر حکومت پوری طرح سے تحمل دکھاتی رہی ہے . وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہاکہ انہوں نے کبھی بھی اپوزیشن کیساتھ بیٹھ کر بات کرنے کی بات نہیں کی، ایسے شخص سے کوئی بات نہیں ہو سکتی .
. .