لاہور(قدرت روزنامہ) لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں ڈھائی کروڑ کی چوری کی مرکزی ملزمہ کو پولیس نے گرفتار کر لیا . ملزمہ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جا رہے ہیں .
ایس پی سٹی آپریشن سرفراز ورک کے مطابق شاہدرہ میں ایک خاتون کے گھر 27 ستمبر کو ڈھائی کروڑ مالیت کے زیورات اور نقدی کی چوری ہوئی . مرکزی ملزمہ آسیہ گھریلو ملازمہ تھی جو واردات کے بعد فرار ہو گئی تھی .
ملزمہ کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کرکے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا . ایف آئی آر کے مطابق لوٹے گئے مال میں 125 تولے سونا، 30 ہزار یورو اور 11 لاکھ روپے نقدی شامل ہے . دوسری جانب کراچی کے علاقے ملیر کے شاہ لطیف ٹائون میں ایک سرکاری فوڈ کنٹرولر کے گھر میں کروڑوں روپے کی ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے .
ایس ایس پی ملیر عرفان علی بہادر کے مطابق مسلح ملزمان اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کے گھر سے کروڑوں روپے نقد اور دیگر سامان لے گئے .
پولیس کے مطابق شاہ لطیف تھانے میں سکندر علی نے ایف آئی آر درج کرائی ہے، جس میں بتایا ہے کہ وہ حکومتِ سندھ کے فوڈ ڈپارٹمنٹ میں بحیثیت اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کام کرتے ہیں . مدعی نے بتایا ہے کہ وہ رات پونے 12 بجے گھر کا دروازہ کھول کر گاڑی پارک کر رہے تھے کہ 2 نامعلوم مسلح ملزمان نے انہیں اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا . سکندر علی کے مطابق ایک ملزم نے ان کے سر پر پستول رکھا اور اندر جانے کے لیے کہا، بات نہ ماننے کی صورت میں ملزمان نے جان سے مارنے کی دھمکی دی .
مدعی کے مطابق گھر کے اندر لے جا کر ملزمان نے انہیں پورے گھر والوں سمیت کمرے میں بند کر دیا . ملزمان نے الماری میں رکھی ہوئی نقد رقم 1 کروڑ 70 لاکھ روپے، 55 تولے سونا اور 20 لاکھ روپے کے پرائز بانڈ لوٹ لیے . سکندر علی نے بتایا کہ ملزمان نے مجموعی طور پر ڈھائی کروڑ سے زائد کی واردات کی ہے . سکندر علی نے واردات کی اطلاع مددگار پولیس 15 کو بھی دی . بعدازاں شاہ لطیف ٹائون تھانے پہنچ کر واردات کا مقدمہ درج کرا دیا . پولیس کو شبہ ہے کہ واردات میں مدعی کا کوئی واقف کار یا سابقہ ملازم ملوث ہو سکتا ہے .