عالمی دنیا

افغانستان میں تعلیمی ادارے کے باہر خودکش دھماکا؛ 19 افراد جاں بحق متعدد زخمی

کابل(قدرت روزنامہ) افغان دارالحکومت ایک مرتبہ پھر خوفناک دھماکے سے لرز اٹھا، تعلیمی ادارے کے باہر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 19 افراد شہید جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق خودکش دھماکا افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ہزارہ اکثریتی علاقے دشت برچی میں تعلیمی ادارے کے باہر ہوا جہاں داخلہ ٹیسٹ جاری تھے۔
کابل پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے کی زد میں آکر اب تک 19 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ 27 زخمی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ تاحال کسی بھی دہشت گرد گروپ نے خودکش دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم ماضی میں ہزارہ برادی پر ہونے والے اکثر حملوں کی ذمہ داری داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیموں نے قبول کی تھی۔واضح رہے کہ 2021 میں طالبان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد افغان عوام کی حفاظت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا تھا تاہم گزشتہ کچھ مہینوں میں تواتر سے مساجد اور شہری علاقوں میں دھماکے ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں