سیلاب کی وجہ سے بند ٹرین سروس ایک ماہ بعد بحال ہوگئی

کراچی (قدرت روزنامہ) ملک میں سیلاب کی وجہ سے بند ٹرین سروس ایک ماہ بعد بحال ہوگئی . تفصیلات کے مطابق سیلاب کی وجہ سے معطل ہونا والا ٹرین آپریشن ایک ماہ سات دن بعد بحال ہو گیا ہے اور محکمہ ریلوے کی جانب سے ٹرین آپریشن جزوی طو رپر بحال کیا گیا ہے، خیبرمیل ایکسپریس کراچی سے پشاور اوررحمان بابا ایکسپریس کراچی کینٹ سے راولپنڈی کے لئے بحال ہوئی ہے جب کہ 5 اکتوبر سے قراقرم ایکسپریس کے ساتھ کراچی ایکسپریس اور پاک بزنس ایکسپریس کو بھی بحال کیا جائے گا، تمام ٹرینوں کو اضافی کوچز کے ساتھ چلایا جائے گا .


بتایا گیا ہے کہ لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی ٹرینوں کا اوسط دورانیہ 22 گھنٹے رکھا گیا ہے، سفری دورانیے کا جائزہ 30 روز کے بعد دوبارہ لیا جائے گا اور اسے بتدریج کم کیا جائے گا، 5 اکتوبرکو قراقرم ایکسپریس 3 بج کر30 منٹ پرلاہور کے لئے ،بزنس ایکسپریس 4 بجے اورکراچی ایکسپریس4 بج کر30 منٹ پرلاہور کی جانب روانہ ہوگی، محکمے کی جانب سے کراچی سے لاہوراور راولپنڈی کے لئے چلنے والی پانچوں ٹرینوں کی بکنگ کا آغاز بھی کردیا گیاہے اور مسافروں کی سہولت کیلئے پانچوں ٹرینوں میں بوگیوں کی تعداد بڑھا کر 19 کردی گئی ہے .
ادھرپاک ایران ریلوے ٹریک مکمل طور پر بحال ہونے کے بعد زاہدان سے کوئٹہ ٹرینوں کی آمد و رفت کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے، پاکستان ریلویز حکام کے مطابق کوئٹہ زاہدان ریلوے سیکشن سیلابی صورتحال کے باعث شدید متاثر ہوا تھا جس کا آدھا حصہ اگست میں بحال کیا گیا جبکہ بقیہ حصہ جمعہ کے روز بحال کیا گیا، حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال سے نقصان پہنچنے والے ریلوے ٹریک کے 106 حصوں کی مرمت کی گئی جبکہ احمد وال پل کی مرمت بھی مکمل کی گئی .

. .

متعلقہ خبریں