کراچی (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء منظور وسان نے کہا ہے کہ اکتوبر اور نومبر کے مہینے بڑے خطرناک ہیں . میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں نئے انتخابات 2023 میں ہوں گے اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ انتخابات ایک سال کے لیے آگے بڑھا دیئے جائیں، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ دونوں متحرک ہوں گی، پرانے چہرے تھوڑا آرام کریں گے اور نئے چہرے جیلوں میں جائیں گے، ملک میں اب بہت سارے راز بھی فاش ہوں گے اور اس حوالے سے اکتوبر، نومبر کے مہینے بڑے خطرناک ہیں .
دوسری طرف عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اکتوبر اہم ہے 15 نومبر تک اہم سیاسی فیصلے ہوجائیں گے، سپریم کورٹ سائفر کی تحقیق نہیں کرے گا تو حالات گھمبیر ہوسکتے ہیں، کم عقل حکمران ہر قدم اپنے خلاف اٹھاتے ہیں، اسلام آباد کی پولیس تھک چکی ہے، عمران خان کی نااہلی اور گرفتاری سے حکمرانوں کو کچھ نہیں ملے گا اور سپریم کورٹ سائیفر کی تحقیق نہیں کرے گا تو حالات گھمبیر ہو سکتے ہیں .
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ 2 ہفتوں سے بلاول بھٹو امریکہ میں مزے کررہا ہے اُسے سندھ کے سیلاب زدگان کی کوئی فکر نہیں، پاکستان کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ اب اعلیٰ عدالتوں سے منسلک ہے، 4 اکتوبر کو نیب ترامیم کیس کی سماعت بھی اہم ہے، اگر عمران خان کی کال پر فیصلہ چوک اور چوارہے میں ہونا ہے تو جھاڑو پھر جائے گا، عوام کے مسائل سے ڈیل کی ضرورت ہے چوروں سےنہیں، اکتوبر اہم ہے 15 نومبر تک اہم سیاسی فیصلے ہوجائیں گے .
ادھر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سفارتی سائفر سے متعلق اہم اعلان کر دیا، انہوں نے کہا کہ سائفر موجود ہے جس میں سب کچھ لکھا ہوا ہے اور وہ چیف جسٹس کے پاس بھی ہے، چیف جسٹس کہہ دیں سائفر غلط ہے، ہم اگلے دن اسمبلی واپس چلے جائیں گے، سائفر کی ایک کاپی میرے پاس تھی، پتا نہیں وہ کہاں غائب ہو گئی ہے .