اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ڈالرکے مقابلے میں روپے کی قدر سے کھیلا جاتا رہا . نجی بینک موقع سمجھ کر فائدہ اٹھاتے رہے .
نجی بینکوں کی جانب سے 56 ارب روپے کا منافع کمائے جانے کا انکشاف ہوا ہے . ڈالر کی قیمت میں اضافے پر اسٹیٹ بینک نے نجی بینکوں سے تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے . بینکوں نے ایل سیز کھولنے کے لیے انٹر بینک ریٹ سے اضافی رقم وصول کی .
اسٹیٹ بینک کی جانب سے 8 نجی بینکوں کو نوٹسز جاری کیے گئے . اسٹیٹ بینک کی نجی بینکوں سے تحقیقاتی رپورٹ جلد مکمل ہو جائے گی . تحقیقاتی رپورٹ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو پیش کی جائے گی . اس حوالے سے تحقیقات کی جائیں گی کہ بینکوں نے 10 روپے فی ڈالر اضافی وصول کیے . یہاں واضح رہے کہ ڈالر کی قیمت میں گذشتہ کچھ عرصہ مسلسل اضافہ ہوتا رہا .
اسحاق ڈار کے وزیر خزانہ بننے کے بعد روپے کی قدر بحال ہو رہی ہے .
انٹر بینک میں پیر کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر گھٹ گئی تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی . فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں1.40روپے کی کمی سے ڈالر کی قیمت فروخت228.90روپے سے گھٹ کر227.50روپے ہو گئی جبکہ مقا می اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت فروخت229.50وپے پر برقرار رہی . فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں3.1روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قیمت فروخت227.50روپے سے کم ہو کر224.40روپے پر آ گئی تاہم برطانوی پونڈ کی قیمت فروخت 258.50روپے پر بدستور برقرار رہی .
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ڈالر کی موجودہ ویلیو اصلی ایکسچینج ریٹ نہیں ہے، ہنڈی اور قیاس آرائی والوں نے خوب کھیل کھیلا ہے، یہ کھیل عمران خان کے دور میں 123سے شروع ہوا اور ڈالر کو کھلا چھوڑ دیا گیا، ڈالر کبھی خود نہیں رکے گا ، کام آنا چاہیے اور اس کو ہینڈل کرنا آنا چاہیے . ڈالر کی اصل قدر 200سے نیچے ہے، انشاء اللہ 200سے نیچے آئے گا .