اسلام آباد (قدرت روزنامہ)تحریک انصاف کے رہنما خرم نواز نے حکومت کیخلاف توہین عدالت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی . تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما راجہ خرم نواز کی حکومت کیخلاف توہین عدالت کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پچیس مئی کو سپریم کورٹ نے گھروں پر چھاپے مارنے سے روکا تھا .
درخواست گزار خرم نواز کی جانب سے مؤقف پیش کیا گیا کہ عدالت نے سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دیا تھا . پولیس اور ایف سی نے میرے گھر پر چھاپا مارا . درخواست گزار نے وکیل کے توسط مؤقف اپنایا کہ کوئی الزام ہے نہ کوئی مقدمہ، بغیر وارنٹ کے گھروں پر چھاپے مارے گئے . جگہ جگہ کنٹینر لگا کر عوام کی آزادانہ نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے .
رہنما پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں عدالت سے کہا گیا کہ تحریک انصاف ایچ نائن اور جی نائن کے علاقہ میں احتجاج کرنا چاہتی ہے . سیکرٹری داخلہ کی نظر میں عدالت کا کوئی ادب احترام نہیں . تحریکِ انصاف کے رہنما راجہ خرم نواز نے درخواست میں عدالتِ عظمٰی سے استدعا کی کہ وفاقی سیکرٹری داخلہ، آئی جی اور ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے .