پشتونخوامیپ نے رضا محمد رضا اور عبیداللہ بابت کی بنیادی رکنیت ختم کردی،پارٹی سے فارغ

کوئٹہ (آئی این پی) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کی دستخط سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے پارٹی کے مرکزی ایگزیکٹو کے اراکین رضا محمد رضا عہدہ (مرکزی سیکرٹری اطلاعات ونشریات) ساکن ژوب اورعبید اللہ جان بابت مرکزی سیکرٹری ساکن لورالائی کو عرصہ دراز سے پارٹی مخالف سرگرمیوں میں مسلسل ملوث رہنے کی وجہ سے پارٹی سے نکالا جاتا ہے . ان کی بنیادی رکنیت اور عہدے کو ختم کیا جاتا ہے اور ان کا آج بمورخہ 11نومبر 2022کے بعد پشتونخواملی عوامی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہوگا .

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دونوں حضرات پارٹی کے بعض سینئر رہنماؤں سے اپنی علیحدہ پارٹی بنانے یا کسی دوسری جماعت میں شامل ہونے کیلئے رابطوں میں رہے، مرحوم ارباب مجیب الرحمن بھی ان سازشی عناصر کی غلط سرگرمیوں کا شکار ہوئے تھے . مذکورہ بالا اشخاص پارٹی کی مرضی اور منظوری سے تشکیل کردہ سیاسی محاذ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(PDM)کے رکن پارٹیوں کے خلاف بھی مسلسل مصروف عمل رہے . عام جلسوں میں پارٹی کی پالیسیوں اور متحدین کے خلاف باوجود تنبیہ کے بیان بازیاں کرتے رہے . مذکورہ بالا دونوں حضرات کو پارٹی کے اہم ادارے ایگزیکٹو کمیٹی کے میٹنگ منعقدہ 19جنوری 2022میں بھی جس کے یہ دونوں حضرات بالحاظ عہدہ ممبر بھی تھے کافی لمبی چوڑی بحث کے بعد تنبیہ کیا گیا تھا کہ وہ اپنی اصلاح کریں مگر بے سود . پارٹی مذکورہ 2حضرات کو پارٹی سے نکالنے کے ساتھ ساتھ پارٹی کی صفوں میں شامل جنوبی پشتونخوا کے تمام ذمہ داروں کو خبردار کرتی ہے کہ پارٹی کے متحدین یعنی PDMکی پارٹیوں کے علاوہ دوسرے گروپوں، پارٹیوں کے ساتھ رواں بلدیاتی انتخابات میں اپنی پارٹی کے طے شدہ فیصلوں کے خلاف اتحاد کرنے، پارٹی سے نکالے گئے حضرات کے ساتھ سیاسی روابط رکھنے والے حضرات اپنے رویوں پر نظرثانی کریں ورنہ وہ بھی پارٹی سے خارج متصور ہونگے .

. .

متعلقہ خبریں