’32 پیسے کی بھی کرپشن ثابت کرکے دکھائیں‘ ن لیگ کا حکومت کو چیلنج
لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن نے حکومت کو چیلنج کیا ہے کہ 32 پیسے کی بھی کرپشن ثابت کرکے دکھائیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں ن لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا کہ شہباز شریف اور میرے خلاف نیا اسکینڈل کھڑا کر دیا گیا جس میں کہا گیا کہ شہباز شریف نے میرے بھائی کو نوازا ، حکومت کو چیلنج ہے وہ ثابت کرے کہ 3200 ارب روپے میں 32 پیسے کی بھی کرپشن کی ہو ، ہم ان جھوٹے مقدمات کا مقابلہ کریں گے ، ہمارے دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا ، کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا گیا ، ہماری غلطی تھی کہ ہم نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی نہیں کی ، حالاں کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے لوگوں کو ناصرف جیل جانا چاہیئے تھا بلکہ سزائیں بھی ہونی چاہئیں تھیں۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ملکی قرضوں میں ایک کھرب سے زیادہ کا اضافہ ہوچکا ہے ، عوام کو صرف بد ترین مہنگائی ملی ہے ، کون کہتا ہے کہ عمران خان ایماندار ہیں؟ عمران خان مافیا کے سرپرست ہیں، میں عمران خان سے زیادہ انکم ٹیکس دیتا ہوں لیکن کرائے کے مکان میں رہتا ہوں۔ علاوہ ازیں حکومت مخالف تحریک کے لیے معرض وجود میں آنے والے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے ایک بار پھر انتخابی اصلاحات مسترد کردیں ، حکومت کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا بھی اعلان کر دیا ، سفارشات حتمی منظوری کے لیے 28 اگست کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔
پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ن لیگ سیکرٹریٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کی زیر صدارت ہوا ، جس میں مشاورت کے بعد پی ڈی ایم نے حکومت کی 3 سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنے اور حکومت مخالف جلسے شروع کرنے کا اعلان کیا ، اس سلسلے میں پہلا جلسہ 29 اگست کو کراچی میں ہوگا ، حکومت مخالف تحریک کے آئندہ مراحل اور ملک گیر جلسوں پر تفصیلی مشاورت اور میثاق پاکستان کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی۔