دنیا کی سیاست میں پاکستان کا اہم کردار ہوگا، وہ وقت آ چکا ہے: وزیر داخلہ شیخ رشید
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ دنیا کی سیاست میں پاکستان ایک اہم کردار ادا کرنے جا رہا ہے، اب اس کا وقت آ چکا ہے۔ پاکستان کے پاس ایسا موقع ہے کہ وہ دنیا کا دل جیت لے، پاکستان دنیا کے ساتھ کھڑا ہے۔
اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور حکومت کی کمٹمنٹ ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کو آگے لے کر جائیں لیکن بعض دستانے پہنے ہاتھ نہیں چاہتے کہ پاکستان سی پیک میں آگے جائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سی پیک کیخلاف بین الاقوامی سازشیں ہو رہی ہیں۔ چینی باشندوں کیساتھ پیش آنے والے چاروں واقعات میں کچھ ملزمان پکڑے ہیں۔ کوئی ایسا کیس نہیں جس تک ایجنسز نہ پہنچی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چین کی دوستی پر فخر اور ناز ہے۔ چین کے سفیر نونگ رونگ کو یقین دلایا ہے کہ ہر طرح کی سیکیورٹی دی جائے گی۔ سی پیک کی 40 کمپنیوں کو پاک فوج نے سکیورٹی دی ہے۔
افغان صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کے ساتھ مل کر افغانستان میں امن دیکھنا چاہتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہاں سہولتیں دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
شیخ رشید نے کہا کہ ساری دنیاکی توجہ کا مرکز کابل ایئرپورٹ ہے لیکن لوگوں کو وہاں تک بھیجنے کی ذمہ داری پاکستان کی نہیں ہے۔ وزارت داخلہ سے رابطے کے بعد 4 ہزار ویزے جاری کیے گئے۔ افغان کرکٹ ٹیم کو بھی ویزوں کا اجرا کر دیا گیا ہے۔
پاکستانی سیاست پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ساری اپوزیشن جماعتیں ٹھس ہیں لیکن شاید جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی سیاست افغانستان کی وجہ سے اہم ہو جائے۔