پاکستان

عمران خان جو مرضی کہے وہ عوام اور اسٹیبلشمنٹ کا لاڈلا ہے: جاوید ہاشمی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینیئر سیاستدان جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ عمران خان جو مرضی کہیں لیکن وہ عوام اور اسٹیبلشمنٹ کے لاڈلے ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا لیڈر کا کام تحائف لینا نہیں ہوتا، لیڈر تو تحائف پر تھوکتا بھی نہیں ہے، دنیا کے لیڈر تحائف نہیں لیتے، انہیں نیلام کر دیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا میں سب کو کہتا ہوں کہ جنہوں نے تحائف لیے واپس کریں، جنہوں نے تحائف بیچے وہ قوم سے معافی مانگیں، ہر وزیراعظم اور صدر نے توشہ خانہ سے چیزیں لیں تو کیوں لیں، لیڈر کا کام توشہ خانہ سے چیزیں لینا نہیں ہے، یہ قوم کی امانت ہے، جب سیاستدانوں کا کردار مضبوط ہو گا تو ملک چلے گا۔
عمران خان پر حملے اور ارشد شریف قتل کیس کے حوالے سے گزشتہ روز نواز شریف پر الزامات لگانے والے شخص کے حوالے سے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا تسنیم نامی شخص کو نہیں جانتا لیکن حقیقت کھل گئی کہ وہ دو نمبر آدمی ہے۔سینئر سیاستدان کا کہنا تھا مجھے نہیں معلوم عمران خان کو کس نے مارا لیکن مقدمہ کیوں درج نہیں کروایا، عمران خان نے کمپرومائز کر لیا وہ مقدمہ درج کرواتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بار بار یوٹرن لینے سے سنجیدگی نہیں رہتی، عمران خان نے جتنے اقدامات اٹھائے اس پر قائم نہیں رہا، انہوں نے جو بات کی اس سے مکر گئے۔جاوید ہاشمی کا کہنا تھا عمران خان پرویز الٰہی کو ڈاکو کہتا رہا لیکن پورا پنجاب اس کے حوالے کر دیا، عمران خان جو مرضی کہے وہ عوام اور اسٹیبلشمنٹ کا لاڈلا ہے۔
ان کا کہنا تھا جس دن پاکستان میں عوام کی حکومت کو بننے دیا گیا ملکی مسائل حل ہو جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں جاوید ہاشمی کا کہنا تھا نواز شریف کو اب ایک لمحہ ضائع نہیں کرنا چاہیے اور انہیں فورا پاکستان آ جانا چاہیے۔

متعلقہ خبریں