ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ

کراچی (قدرت روزنامہ)ڈالر کو پر لگ گئے، اس کی قدر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث پاکستانی روپیہ روز بروز اپنی قدر کھوتا جا رہا ہے . آج صبح کاروبار کے آغاز سے ہی ڈالر مہنگا ہوا ہے .

انٹر بینک میں ڈالر 10 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 224 روپے 50 پیسے کا ہو گیا ہے . انٹر بینک میں گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر ڈالر 224 روپے 40 پیسے پر بند ہوا تھا .

دوسری جانب ملک میں نئے مالیاتی قواعد وضوابط لاگو ہونے کے نتیجے میں ڈالر تک رسائی مشکل ہوجانے کے بعد سرمایہ داروں نے سونا خریدنا شروع کردیا . رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف سے رواں 4 سالہ قرض پروگرام کے تحت پاکستان کو ملنے والی مجموعی رقم 6.5 ارب ڈالر ہے جبکہ سرمایہ کاروں نے افراط زر کا مقابلہ کرنے کیلئے 30 ستمبر 2022 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران ہی اس سے بھی زیادہ رقم سے سونے کی خریداری کر لی، جو تقریبا 8 ارب ڈالر بنتی ہے . بلوم برگ کے مطابق مذکورہ سہ ماہی کے دوران سونے کی طلب 34 فیصد اضافے کے ساتھ 13 ٹن ہوگئی جو گزشتہ 3 برسوں کے دوران کسی بھی سہ ماہی کے دوران کی جانے والی سب سے زیادہ خریداری ہے . صرافہ مارکیٹ ذرائع کے مطابق ملک میں ان دنوں 24 قیراط خالص سونے کی 10 تولہ (116.64گرام) کی ٹی ٹی بارز کی بہت زیادہ طلب دیکھی جا رہی ہے، اس کی زیادہ تر خریداری سرمایہ کاروں کی جانب سے کی جا رہی ہے، لوگ روپے کی بے قدری کا مقابلہ کرنے کے لیے سونے میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں .

ان دنوں شادیوں کا سیزن ہونے کے باوجود زیورات کی طلب میں 90-95 فیصد تک کمی دیکھی جارہی ہے . سونے کی طلب میں زبردست اضافے کو پرانے طلائی زیورات کو 10 تولہ کی گولڈ بارز میں ڈھال کر پورا کیا جارہا ہے . متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے بہت سے افراد بڑھتی ہوئی مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے زیورات بیچنے پر مجبور ہوگئے ہیں . جہاں تک ڈالر کا تعلق ہے تو وہ زرمبادلہ مارکیٹ میں دستیاب نہیں اور بلیک مارکیٹ میں دس فیصد پریمیم پر مل رہا ہے، کم وبیش225 روپے کے انٹربینک ریٹ کے مقابلے میں بلیک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت240-250 روپے وصول کی جارہی ہے . ذرائع کے مطابق اگر ڈالر کی قیمت 300 روپے تک پہنچ جانے کی قیاس آرائیاں درست ثابت ہوئیں تو سونے کی قیمت بھی دو لاکھ روپے فی تولہ تک پہنچ سکتی ہے جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہوگا .

. .

متعلقہ خبریں