آرمی چیف سے کمانڈر امریکی سینٹ کام کی ملاقات، دفاعی تعاون پر گفتگو
راولپنڈی(قدرت روزنامہ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر امریکی سینٹ کام جنرل ایرک کوریلا جی ایچ کیو پہنچے، جہاں انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
کمانڈر سینٹ کام نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس کے بعد وفود کی سطح پر اجلاس ہوا۔اجلاس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی استحکام اور سلامتی کی صورتحال سمیت دفاعی و سیکیورٹی تعاون بالخصوص دو طرفہ فوجی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کمانڈر سینٹکام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے سیلاب میں امدادی سرگرمیوں اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی ۔امریکی فوجی وفد آج ضلع خیبر میں پاک افغان طورخم بارڈر کا دورہ بھی کرے گا، جہاں اسے انسداد دہشتگردی اور پاک افغان سرحد پر نافذ بارڈر مینجمنٹ طریقہ کار سےآگاہ کیا جائے گا۔