پاکستان

عمران اقتدار میں آنےکیلئے نئے آرمی چیف کی منت سماجت کررہے ہیں:شیری رحمان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) رہنما پیپلز پارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان سابق آرمی چیف پر مسلسل الزام تراشی جبکہ اقتدار میں آنے کیلئے نئے آرمی چیف کی منت سماجت کررہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں رہنما پیپلز پارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ آج کل عمران خان دعویٰ کررہے ہیں کہ ان کی حکومت میں کرپشن کا کوئی کیس نہیں تھا، جبکہ آغاز سے اختتام تک تحریک انصاف کی حکومتیں کرپشن اسکینڈلز کی زد میں رہیں ۔


ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور میں پاکستان کرپشن انڈیکس میں 23نمبر اوپر چلا گیا، پھر بھی عمران خان اپنی حکومت کی کرپشن کا دفاع کرتے رہے۔
سینیٹر شیری رحمن نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے کرپشن اسکینڈلز کی طویل فہرست موجود ہے، یہ خود بدعنوانیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے نااہل ہوئے، سوچوہے کھا کر بلی حج کو چلی، بیرونی سازش کا بیانیہ ناکام ہونے کے بعد ایک بار پھر اپنی کرپشن کا کھوکھلا بیانیہ زندہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہو ئے کہا کہ عمران خان کو اپنی ذات کے علاوہ کسی کی پرواہ نہیں ، ذاتی سیاسی مستقبل کیلئے انہوں نے اپنے ہی ارکان کا سیاسی مستقبل داؤ پر لگایا ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں